راولاکوٹ:آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے قائد و سابق وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر سردار عتیق احمد خان نے کیا کہ قائد اعظم کہ اس قول کی کہ “کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے” کی پاسداری کرنے کے لیے ہر طرح کی قربانی دینے کے لیے تیار ہیں، پاکستان کی سرحدوں کے ہم بلا تنخواہ سپاہی ہیں، کشمیر کا بچہ بچہ پاکستان آرمی کے ساتھ مل کر پاکستان کی سرحدوں کو محفوظ بنائے گا۔
وہ راولاکوٹ میں “کشمیر بنے گا پاکستان ” ریلی کے شرکا سے خطاب کر رہے تھے۔ ریلی کا آغاز دھیرکوٹ سے ہوا جس میں گاڑیوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔ راستے میں جگہ جگہ شرکا ریلی کا استقبال کیا گیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ راولاکوٹ سیکٹر ہیڈکواٹر کے قریب مسلم کانفرنس پونچھ کے کارکنوں نے ریلی کی شکل میں سردار عتیق احمد خان کا استقبال کیا اور انہیں ایک بڑی ریلی میں راولاکوٹ شہر لایا گیا جہاں احاطہ عدالت کے قریب شرکا ریلی سے سردار عتیق احمد خان نے خطاب کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اس لیے نہیں بنا تھا کہ یہ ٹھوٹ جائے گا بلکہ یہ امت مسلمہ کو جوڑنے کے لیے بنا تھا اور یہ قائم دائم رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ پڑوسی ملک بھارت اس خطے میں نظریاتی انتشار پھیلانے کے لیے سازشیں کر رہا ہے لیکن یہ سازشیں کسی صورت کامیاب نہیں ہو سکتیں ۔ ہماری فوج دنیا کی بہترین فوج ہے جو تمام سازشوں کا مقابلہ کرنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ غازی ملت سردار ابراہیم خان، مجاہد اول سردار عبدالقیوم خان بابائے خان ، خان آف منگ اور کیپٹن حسین خان کی سرزمین ہے ۔ یہ شہدا و غازیوں کی سرزمین ہے ۔ یہاں کسی بھی پاکستان مخالف نظریہ کو پذیرائی نہیں مل سکتی۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں اور نظریاتی دہشت گردی کا ڈٹ کر مقابلہ کریں۔ انہوں نے اس ریلی کو کامیاب بنانے پر جماعتی کارکنوں، دیگر سیاسی جماعتوں کے کارکنوں اور سول سوسائٹی کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے اعلان کیا کہ 25 جون کو باغ شہر سے ڈھلی تک اسی طرح کی ریلی کا انعقاد کیا جائے گا جبکہ آزادکشمیر کے دیگر شہروں میں بھی ریلیاں نکالی جائیں گی۔