راولپنڈی(صباح نیوز) بانی پاکستان تحریک انصاف نے کہا ہے ہے کہ سب سے پہلے محسن نقوی کی سرجری ہونی چاہیے کیونکہ یہ الیکشن کرانے میں ناکام رہے، یہ کبھی نہیں ہوا کہ بلے کے بغیر پارٹی 100 کرگئی اور میچ جیت گئی، سب مجھے خاموش کرنے میں لگے ہوئے ہیں کہ کسی طرح دھاندلی کور ہوجائے۔
اڈیالہ جیل راولپنڈی کی کمرہ عدالت میں بانی پی ٹی آئی نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پی سی بی نے کہا سرجری ہونی چاہیے ، بالکل سرجری ہونی چاہیے ، سب سے پہلے محسن نقوی کی سرجری ہونے چاہیے کیونکہ یہ الیکشن کرانے میں ناکام رہا۔بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ ہمارے فوجی شہید ہو رہے ہیں، جرائم بڑھ رہے ہیں، اس کا امریکہ میں کیا کام ہے، اسلام آباد میں ڈکیتیاں ہو رہی ہیں لیکن ان کو کوئی پرواہ نہیں، محسن نقوی سب سے بڑا سفارشی ہے، اس کی کیا خصوصیات ہیں،اس کو نکالنا چاہیے ۔
بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ جیل سپرنٹنڈنٹ، آئی جی جیل خانہ جات اور جیل میں موجود کرنل کے خلاف کارروائی کریں گے، مجھے فیملی ممبران، وکلا اور سیاسی رہنمائوں سے 30، 30 منٹ ملاقات کا وقت دیا جاتا ہے، مجھے جیل میں ایک قیدی کھانا بنا کر دیتا ہے اور 6سے زائد لوگوں کو نہیں ملنے دیا جاتا۔ سابق وزیراعظم نے شکوہ کیا کہ نواز شریف اور آصف زرداری کے لئے گھر سے کھانا تیار ہو کر آتا تھا، نواز شریف اور آصف زرداری کے لئے کئی لوگ ملاقات کے لئے جیل آتے تھے، آئی جی جیل خانہ جات اور سپرنٹنڈنٹ ن لیگ کے ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سب مجھے خاموش کرنے میں لگے ہوئے ہیں کہ کسی طرح دھاندلی کور ہوجائے، چیف الیکشن کمشنر نے دھاندلی کرائی پھر ان کے پاس جانے کا کہا جارہا ہے، میڈیا کو بند کرنا ان کا مقصد ہے تاکہ جھوٹ کو چھپایا جائے۔
بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ ملک کے اندر ذرائع آمدن کم ہو رہے ہیں اور قرضے بڑھتے جارہے ہیں، سیاسی استحکام کے بغیر سرمایہ کاری نہیں آئے گی، اگر آمدن نہیں ہو گی تو اخراجات کیسے ہوں گے، جس چیز سے ملک میں استحکام آئے اسی کو روک کر بیٹھے ہیں، ادھر ملک پھنس گیا۔بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ جو پارٹی میدان میں نہیں آئی ان کو جتوایا گیا، الیکشن کا پوسٹ مارٹم ہونا چاہیے ، اگر 3 یا 4 حلقے کھلیں تو سارا الیکشن مشکوک ہو جائے گا، یہ کبھی نہیں ہوا کہ بلے کے بغیر پارٹی 100 کرگئی اور میچ جیت گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ پورے پنجاب میں ہمارے خلاف کارروائیاں کی جارہی ہیں ، پی ٹی آئی کے لوگ جہاں کنونشن کرتے ہیں ان کو اٹھا لیا جاتا ہے، 18 سال سے شبلی فراز ایک گھر میں رہائش پذیر ہیں اس پر دھاوا بولا گیا، اپنی جماعت کو پیغام دیا کہ تیاری کریں ملک بھر میں احتجاج ہو گا۔ صحافی نے سوال کیا کہ ن لیگ کے ایم این اے بیرسٹر عقیل ملک سماعت میں مشاہدے کے لئے عدالت میں موجود ہیں، اس پر کیا کہیں گے، جس پر بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ ن لیگ اور ہمارے ایم این ایز کو جیل میں آنا چاہیے ۔