لاہور(صباح نیوز)لاہورہائی کورٹ نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کے سابق پرنسپل سیکرٹری محمد خان بھٹی کی غیر قانونی تقرری کیس میں درخواست ضمانت منظور کرلی۔ جسٹس امجد رفیق نے محفوظ فیصلہ سنا دیا۔
سماعت کے دوران وکیل درخواست گزار نے بتایا کہ محمد خان بھٹی کو بوگس کیس میں ملوث کیا گیا ہے، الزام یہ ہے فیل ہونے والے امیدواروں کو گریڈ 17 میں ملازمت دی گئی، ریکارڈ پر ملزمان کے خلاف جعل سازی کے کوئی شواہد موجود نہیں ہیں، سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کے لیے یہ مقدمہ بنایا گیا ہے، پرویز الٰہی اور محمد خان بھٹی پر جیل سازی کے الزامات جھوٹ پر مبنی ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہو سکتا ہے پرویز الٰہی اور محمد خان بھٹی کو ملوث کرنے کے لئے رزلٹ تبدیل کئے گئے ہوں، ہو سکتا ہے محمد خان بھٹی اور پرویز الٰہی کے سیاسی مخالفین نے جعل سازی کی ہو، یہ مزید انکوائری کا کیس ہے ریکارڈ پر شواہد موجود نہیں لہذا محمد خان بھٹی کی ضمانت کی درخواست منظور کی جائے۔بعد ازاں عدالت نے محمد خان بھٹی کی غیر قانونی تقرری کیس میں درخواست ضمانت منظور کرلی۔