شہید کیپٹن فراز چونیاں میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک ، وزیرِ اعظم نے جنازے کو کاندھا دیا


چونیاں(صباح نیوز)لکی مروت میں شہید ہونے والے کیپٹن محمد فراز الیاس کی نمازِ جنازہ ان کے آبائی گاؤں چونیاں میں ادا کر کے انہیں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردخاک کر دیا گیا۔

شہید کیپٹن محمد فراز الیاس کی نماز جنازہ و تدفین میں وزیرِ اعظم شہباز شریف، عسکری حکام، اہلِ خانہ ا و دیگر افراد نے شرکت کی۔وزیراطلاعات عطا تارڑ، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور بھی نمازجنازہ میں شریک ہوئے۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے شہید کے جنازے کو کاندھا بھی دیا۔

بعدازاں شہید کو پاک فوج کے دستے کی جانب سے سلامی پیش کی گئی اور قبر پر گلدستہ بھی رکھا گیا۔ اس موقع پر وزیرِ اعظم شہباز شریف نے شہیدوں کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ شہادت کا رتبہ اللہ کسی کسی کو بخشتا ہے، پاک فوج کے ہزاروں جوانوں نے جان کا نذرانہ پیش کیا، یقین دلاتا ہوں کہ کیپٹن فراز کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، قرآن گواہی دیتا ہے کہ شہید زندہ ہیں،

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وطن کی خاطر جان دینے والوں کی قربانیاں کو فراموش نہیں کر سکتے، ارض پاک سے دہشت گردوں کو ختم کر کے ہی دم لیں گے۔ وزیراعظم نے گاؤں کا نام کیپٹن فراز الیاس کے نام سے منسوب کر دیا۔