شگر(صباح نیوز) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر گلگت بلتستان کے امیر ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام کو بااختیار اور باوقار نظام حکومت دیا جائے،دیامر ڈیم کے متاثرین کے مسائل فوری حل کیے جائیں،چلاس اور کوہستان کی زمینوں کے ریٹ کا تعین زمینی حقائق اور مارکیٹ ریٹ کے مطابق لگایا جائے ،چلاس اور کوہستان کے عوام میں زمین ریٹ میں پائی جانے والی تشویش ناک صورت حال پر فوری اقدامات کیے جائیں مقامی لوگوں کواعتماد میں لے کر فیصلے کیے جائیں۔شگر کے عوام کی طرح پورے گلگت بلتستان میں مسالک کے درمیان ہم آہنگی پیدا کی جائے۔ہمارے مسائل کا حل اتفاق اور اتحاد ہے۔
ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی ضلع شگر کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر مرکزی نائب امیر مشتاق ایڈووکیٹ امیر جماعت اسلامی گلگت بلتستان مولانا تنویر حیدری سیکرٹری جنرل نوید اللہ،امیر ضلع سید عبداللہ شگری سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا ،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے کہا کہ 76برسوں بہت ہوتے ہیں اس قیادت کو عوام نے دیکھ لیا ہے اب عوام ان کو مزید آزمانے کی بجائے جماعت اسلامی پر اعتماد کریں جماعت اسلامی حقیقی تبدیلی لانا چاہتی ہے۔جماعت اسلامی کشمیر کی آزادی اور نظام کی تبدیلی کی جدوجہد کررہی ہے وحدت کشمیر اور حق خود ارادیت پر کوئی کمپرئومائز نہیں کریں گے۔