لاہور(صباح نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازنے کہاہے کہ ماحولیاتی آلودگی پاکستان سمیت دنیابھرکیلئے چیلنج ہے۔ ماحولیاتی تحفظ کے عالمی دن کے موقع پرپیغام جاری کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازنے کہا کہ اقوام عالم کو مل کر قدرتی ماحول پر اثرانداز ہونے والے عوامل پر قابو پانا ہوگا، عوام کرہ ارض کی حفاظت کے مشن میں ہمارا ساتھ دیں،پنجاب حکومت نے پلاسٹک کے استعمال، پروڈکشن، فروخت اور تجارت پر پابندی عائد کر دی ہے،پلاسٹک کے استعمال سے ماحول اور انسانی صحت پر مضر اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔
مریم نوازنے کہا کہ نو ٹو پلاسٹک مہم کا مقصد ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنا اور ماحول دوست اقدامات کا فروغ ہے، پلاسٹک پر پابندی کی پالیسی کو سختی سے نافذ کیا جائے گا، ہوٹلوں، ریستورانوں اور کھانے پینے کی جگہوں پر پلاسٹک کے تھیلوں کے استعمال پر پابندی ہوگی، پلاسٹک بیگ کی جگہ ماحول دوست متبادل جیسے کاٹن بیگ کو استعمال میں لایا جائے۔پلاسٹک کی آلودگی کے مضر اثرات سے عوام کو آگاہ کرنے کے لئے خصوصی آگاہی مہم کا آغاز کررہے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ فوسل فیول کے استعمال میں کمی اور قابل تجدید توانائی پر انحصار بڑھانا ہوگا، ماحولیاتی آلودگی میں تیزی سے اضافے کی ایک بڑی وجہ جنگلات کی مسلسل کٹائی بھی ہے، قدرتی خوبصورتی کو محفوظ رکھنے کے لئے مل کر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔
ماحولیاتی آلودگی کی وجہ سے کرہ ارض کی 40فیصد سطح ارض انحطاط کا شکار ہے، آج نہیں سوچا تو 2050 تک خشک سالی دنیا کی تین چوتھائی آبادی کوشدید متاثر کر سکتی ہے، پنجاب حکومت کے مثبت اقدامات ماحولیات کے تحفظ کے عزائم ظاہر کرتے ہیں، ہرفرد اپنا کردار ادا کرکے نئی نسل کے ماحولیاتی مستقبل کو یقینی بنا سکتا ہے۔