آرمی چیف سے آذربائیجان کے وزیر خارجہ کی ملاقات


راولپنڈی (صباح نیوز) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے آذربائیجان کے وزیرِ خارجہ جیہون بیراموف نے ملاقات کی ، علاقائی امن و استحکام سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق آذربائیجان کے وزیرِ خارجہ جیہون بیراموف جی ایچ کیو راولپنڈی پہنچے جہاں انہوں نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ملاقات کی، ملاقات کے دوران علاقائی امن و استحکام سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر نے کہا کہ آذربائیجان کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں۔

جنرل عاصم منیر نے دفاع و سلامتی کے شعبوں میں تعاون فراہم کرنے کے لئے ملک کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ بھی کیا۔آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے آذربائیجان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کی تعریف کی۔ملاقات میں آذربائیجان کے وزیرِ خارجہ جیہون بیراموف نے آذربائیجان کے لئے پاکستان کی مسلسل حمایت پر تعریف بھی کی۔آذربائیجان کے وزیرِ خارجہ جیہون بیراموف نے علاقائی استحکام کو برقرار رکھنے میں پاکستان کے اہم کردار کا اعتراف بھی کیا۔