پشاور ،سکیورٹی فورسز کا آپریشن ،5دہشتگرد ہلاک ،کیپٹن اورحوالدار شہید


پشاور(صباح نیوز) سکیورٹی فورسز نے پشاور کے علاقے حسن خیل میں آپریشن کیا جس کے نتیجے میں 5دہشتگرد ہلاک اور 3زخمی ہو گئے جبکہ کیپٹن اور حوالدار شہید ہو گئے ۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن آپریشن شروع کیا تو دہشتگردوں نے فائرنگ کردی ،فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشت گرد ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے تاہم فورسز کی ٹیم کے سربراہ کیپٹن اورایک جوان شہید ہوگیا۔کیپٹن حسین جہانگیر شہید کا تعلق ضلع رحیم یار خان سے اور ان کی عمر 25سال تھی۔ کیپٹن حسین نے 4سال تک پاک فوج میں دفاع وطن کیلئے خدمات سر انجام دیں اور سوگواران میں والدین اور بہن بھائی چھوڑے۔حوالدار شفیق اللہ شہید ضلع کرک کے رہائشی اور عمر 36سال تھی۔ انہوں نے 18 سال تک پاک فوج میں دفاع وطن کیلئے خدمات سر انجام دیں اور سوگواران میں اہلیہ، ایک بیٹا اور 2 بیٹیاں چھوڑے۔آئی ایس پی آر کی جانب سے کہاگیا کہ سکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لئے پرعزم ہیں، ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔