پشاور(صباح نیوز)خیبرپختونخوا میں شدید گرمی کے پیشِ نظر سرکاری سکولوں کے اوقات کار تبدیل کردیئے گئے۔صوبائی محکمہ تعلیم کے مطابق سکول صبح 8کے بجائے 7 بجے کھلیں گے، پرائمری سیکشن کی چھٹی 11 بجے ہوگی جبکہ مڈل، ہائی اور ہایئر سکینڈری سکولوں کی چھٹی 12بجے ہوگی۔محکمہ تعلیم کی جانب سے کہا گیا کہ سکولوں کے اوقات کار شدید گرمی کے باعث تبدیل کئے گئے ہیں۔
محکمہ تعلیم کے مطابق پرائمری سکولوں کی گرمی کی چھٹیاں یکم جون سے 31اگست تک ہوں گی۔ مڈل، ہائی اور ہایئر سکینڈری سکولوں کی چھٹیاں 15جون سے 31اگست تک ہوں گی۔محکمہ تعلیم نے کہا کہ سرمائی علاقوں کے سکولوں میں یکم جولائی سے 31اگست تک چھٹیاں ہوں گی۔
ادھر شدید موسمی حالات کے باعث وفاقی نظامت تعلیمات (ایف ڈی ای)کے زیر انتظام تعلیمی اداروں کے اوقات کار تبدیل کر دیئے گئے ۔وفاقی وزارت تعلیم کے بیان کے مطابق پیر سے جمعہ تک سکول کے اوقات کارصبح ساڑھے سات سے ساڑھے گیارہ بجے تک ہوں گے، اس دوران سکولوں میں اسمبلی اور کھیلوں کا پیریڈ نہیں ہو گا۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے پشاور میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے جبکہ میدانی علاقوں میں شام کے وقت گرد آلود تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ ڈی آئی خان میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 43 اور بنوں میں 41ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔