اسلام آباد(صباح نیوز) خیبر پختونخوا کے علاقے بشام میں دہشتگردانہ حملے میں ہلاک ہونے والے چینی باشندوں کے لواحقین کے لیے معاوضہ پیکج کی منظوری دے دی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ نے داسوپروجیکٹ پر کام کرنے والے دہشت گردحملے میں ہلاک چینی باشدوں کے لواحقین کے لیے پیکج کی منظوری دی جس کے تحت 5چینی باشندوں کے خاندانوں کو مجموعی طور پر 25 لاکھ 80 ہزار ڈالرز معاوضہ دیاجائیگا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ سے ہنگامی بنیادوں پر سرکولیشن سمری پرمنظوری لے لی گئی، ہلاک ہر چینی شہری کے خاندان کو 5 لاکھ 16 ہزار ڈالرز دئیے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق رقوم چینی باشندوں کے لواحقین کو بیجنگ میں پاکستانی سفارت خانہ ادا کرے گا۔ ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ حملے میں ہلاک ایک پاکستانی شہری کے خاندان کو 25لاکھ روپے دئیے جائیں گے۔ واضح رہے 26 مارچ کو خیبرپختونخوا کے ضلع شانگلہ میں بشام کے مقام پر گاڑی پر خودکش حملے کے نتیجے میں 5 چینی باشندوں سمیت 6 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔