لاہور ہائی کورٹ، وفاقی حکومت کو ججز کی تعیناتی کیلئے 15 روز کی مہلت


لاہور(صباح نیوز)لاہور ہائی کورٹ نے وفاقی حکومت کو ججز کی تعیناتی کے لئے 15روز کی مہلت دے دی۔پنجاب کی خصوصی عدالتوں میں ججز کی تعیناتی سے متعلق کیس کی سماعت لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس ملک شہزاد احمد نے کی۔ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے ججز کی تعیناتی کے نوٹی فکیشن عدالت میں پیش کر دیئے۔

ایڈووکیٹ جنرل پنجاب خالد اسحاق نے کہا کہ حکومت پنجاب نے پنجاب کی خصوصی عدالتوں میں ججز تعینات کرکے نوٹی فکیشن جاری کردیئے ۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کے مثبت کردار کی تعریف کی، انہوںنے کہا کہ ہمارے لئے سب قابل احترام ہیں، آپ نے اچھا رویہ دکھایا ہے۔ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے بتایا کہ پنجاب کی تمام انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالتوں میں ججز کا تقرر ہو گیا ۔انہوں نے کہا کہ 2 اینٹی کرپشن، اور ایک، ایک جج کی تقرری سروس ٹربیونل اور کنزیومر کورٹ میں کی گئی۔ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب خالد اسحاق نے کہا کہ اگر کسی جگہ پر تعیناتی ہونی ہے وہ بھی جلد از جلد مکمل کر لی جائے گی۔

دوران سماعت وفاقی حکومت نے ججز کی تعیناتی کے لئے مزید مہلت مانگ لی، وکیل وفاقی حکومت نے کہا کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ججز کی تعیناتی کی منظوری لی جائے گی۔چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے ریمارکس دیئے کہ اب پنجاب حکومت نے ججز کی تعیناتی کر دی ہے تو وفاقی حکومت نے مزید وقت مانگ لیا ہے، کابینہ سے سرکولیشن کے ذریعے بھی ججز کی تقرری ہو سکتی ہے۔لاہور ہائیکورٹ نے وفاقی حکومت کو ججز کی تعیناتی کے لیے 15روز کی مہلت دے دی اور کارروائی ملتوی کر دی۔