ترکیہ اور پاکستان تجارت کی ساخت کو 5 ارب ڈالر تک لے کر جائے گا،اسحاق ڈار


اسلام آباد(صباح نیوز) نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ترکیہ اور پاکستان تجارت کی ساخت کو 5ارب ڈالر تک لے کر جائے گا، پاکستان اور ترکیہ دفاعی تعاون کو جاری رکھے گا، دونوں ملکوں میں تجارت اور دفاع سمیت مختلف شعبوں میں تعاون موجود ہے، جبکہ ترک وزیر خارجہ حاکان فدان نے کہا پاکستان ہمارا اسٹریٹجک پارٹنر ہے، ہم نے دو طرفہ تجارت کو 5 ارب ڈالر تک بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔

وزیرخارجہ اسحاق ڈارنے ترکیہ کے ہم منصب حاکان فدان کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ اور مضبوط تعلقات ہیں، ترکیہ کے وزیر خارجہ کے دورے پر دلی خوشی ہے، پاکستان اور ترکیہ دو ملک اور ایک قوم ہے، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دو طرفہ اور اسٹریٹجک تعلقات ہیں۔انہوں نے بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات پاکستان کے وجود میں آنے سے پہلے سے قائم ہیں، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دوطرفہ تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں، دونوں ملکوں کی قیادت ہمیشہ عوام کے مفاد میں کام کرتی ہے ، ترکیہ اور پاکستان کے درمیان تعلقات ہر گزرتے دن کے ساتھ مضبوط ہوتے جارہے ہیں، پاکستان اور ترکیہ نے مختلف مواقع پر ایک دوسرے کو سپورٹ کیا ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ ترکیہ اور پاکستان اسلاموفوبیا کے خاتمے کے لیے کوشاں ہے ، ترکیہ اور پاکستان تجارت کی ساخت کو 5ارب ڈالر تک لے کر جائے گا، پاکستان اور ترکیہ دفاعی تعاون کو جاری رکھے گا، دونوں ملکوں میں تجارت اور دفاع سمیت مختلف شعبوں میں تعاون موجود ہے۔

بعد ازاں ترکیہ کے وزیر خارجہ حاکان فدان نے بتایا کہ ایرانی صدر اور وزیر خارجہ کے انتقال سے ہمیں شدید دکھ ہوا، ہم دکھ کی اس گھڑی میں ایرانی عوام کے ساتھ اظہار تعزیت کرتے ہیں، جب ہم نے حادثے کے بارے میں سنا تو ایرانی حکام سے رابطہ کیا، ہماری وزارت دفاع اور ایمرجنسی اتھارٹیز نے پوری کوشش کی لیکن بدقسمتی سے ہمیں اچھی خبر موصول نہیں ہوئی، اللہ صدر، ایرانی وزیر خارجہ اور دیگر جاں بحق ہونے والوں کی روح کو سکون دے۔حاکان فدان کا کہنا تھا کہ میری وزیر خارجہ اور میرے بھائی اسحاق ڈار کے ساتھ بہت مثبت ملاقات ہوئی اور مجھے یہاں آنے ہر انتہائی خوشی ہے، ہم نے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا،ہم نے غزہ کی صورتحال پر بات چیت کی ہے، انہوں نے کہا کہ ہم نے دو طرفہ تجارت کو 5 ارب ڈالر تک بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان کا میرا یہ پہلا دورہ ہے، پاکستان ہمارا دوسرا گھر ہے، پاکستان ہمارا قریبی دوست اور برادر ملک ہے، پاکستان کا علاقائی و عالمی سطح پر اہم کردار ہے، دوسری جانب پاکستان کا گلوبل سیکیورٹی کے لحاظ سے بھی ایک اہم کردار ہے، ہماری نظر میں پاکستان کی اہمیت بہت مختلف ہے۔ترکیہ کے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہمارے عوام کے درمیان دیرینہ تعلقات ہیں اور ہم ایک دوسرے کو ہر موقع پر سپورٹ کرتے رہیں گے، پاکستان ہمارا اسٹریٹجک پارٹنر ہے۔