لاہور(صباح نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب حکومت کو ججز کی تعیناتی کے لئے آخری موقع دے دیا،چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ ملک شہزاد احمد خان نے ہدایت کی کہ وزیر اعلیٰ پنجاب اور کابینہ آئندہ سماعت تک ججز کی تعیناتی کے نوٹیفکیشن جاری کریں۔
انسداد دہشتگری عدالت ون راولپنڈی سے کیسز دوسری عدالت میں منتقل کرنے کی پنجاب حکومت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ اگر آئندہ سماعت تک ججز کی تعیناتی کے نوٹیفکیشن جاری نہ ہوئے تو وزیر اعلیٰ خود عدالت میں پیش ہوں۔دوران سماعت ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے کہا کہ حکومتی کمیٹی نے ججز تعیناتی کے معاملے پر چیف منسٹر سے مشاورت کی اور چیف منسٹر نے کابینہ کے آئندہ اجلاس ججز تعیناتی کے معاملے کو ایجنڈا نمبر ون میں رکھنے کا کہا ہے۔
چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کابینہ کا آئندہ اجلاس کب ہے؟ آپ کو کابینہ کی سپیشل میٹنگ بلا لینی چاہیے تھی یا سرکولیشن کے ذریعے کر لیتے، آپ کو یہ کام کر کے آج آنا چاہیے تھا۔ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے کہا کہ جمعہ ہم کابینہ کا اجلاس بلا کر اس معاملے کو حل کر لیتے ہیں۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ حکومتی کمیٹی کے لوگ بھی نہیں آئے یہ آپ عدالتوں کی عزت کرتے ہیں۔ایڈووکیٹ جنرل خالد اسحاق نے کہا کہ حکومتی کمیٹی کے لوگ آدھے گھنٹے میں آ جائیں گے عدالت اگر حکم کرے میں بلا لیتا ہوں، ججز کی تعیناتی کے لئے ہائیکورٹ کی طرف سے دیئے گئے ناموں پر حکومت کو کوئی اعتراض نہیں ۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ججز کی تعیناتی بارے کوئی نوٹیفکیشن عدالت میں پیش نہیں کیا گیا۔لاہور ہائیکورٹ نے سماعت کی کارروائی 24 مئی تک ملتوی کر دی۔