ایرانی صدرابراہیم رئیسی اوروزیرخارجہ حسین امیر عبداللہیان ساتھیوں سمیت ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق


تہران(صباح نیوز) ایران کے صدر ابراہیم رئیسی اور وزیرخارجہ حسین امیر عبداللہیان ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہوگئے۔ایرانی صدر کے معاون نے ہیلی کاپٹر حادثے میں ابراہیم رئیسی اور ایرانی وزیرخارجہ کی موت کی تصدیق کردی۔ حادثے کے 14گھنٹے بعد پیرکی صبح حادثے کا شکار ہیلی کاپٹر کا ملبہ ملا ۔

ایرانی میڈیا” مہر” کے مطابق ابراہیم رئیسی اور ایرانی وزیرخارجہ ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہوگئے ہیں۔ سینئر ایرانی عہدیدار نے بتایا کہ صدر ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ اور ہیلی کاپٹر میں سوار تمام افراد حادثے میں جاں بحق ہو گئے ہیں۔ہیلی کاپٹر میں ایرانی وزیر خارجہ امیرعبد الہیان، گورنر تبریز،مشرقی آذربائیجان کے گورنر ملک رحمتی اور صوبے میں ایرانی صدر کے نمائندے آیت اللہ محمد علی بھی سوار تھے۔ایرانی حکام کے مطابق کچھ لاشیں جل کر ناقابل شناخت ہوگئی ہیں۔ اس سے قبل ایرانی ہلال احمر کے سربراہ کا کہنا تھا کہ صدر رئیسی کا ہیلی کاپٹر کریش ہونے کے بعد زندہ بچے مسافروں کا کوئی نشان نہیں۔

ایرانی میڈیا کے مطابق ایرانی صدر ابراہیم رئیسی آذربائیجان کے سرحدی علاقے میں ایک ڈیم کا افتتاح کرنے کے بعد واپس آرہے تھے کہ تبریز کے قریب ان کا ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہوگیا۔ حادثہ تبریز سے 100 کلومیٹر دور پیش آیا، صدر کے ہیلی کاپٹر کا ملبہ ایک پہاڑی سے ملا۔ایران کے سرکاری ٹیلی ویژن نے کہا کہ یہ حادثہ موسم کی خراب صورتحال کے باعث پیش آیا۔