لاہور(صباح نیوز)وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے صوبہ بھر میں غیر فعال اور خراب فلٹریشن پلانٹس کو فعال کرنے کا حکم دے دیا۔وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف کی زیر صدارت آب پاک اتھارٹی سے متعلق خصوصی اجلاس ہوا جس میں سینیٹر پرویز رشید، صوبائی وزرا مریم اورنگزیب، ذیشان رفیق، معاون خصوصی ذیشان ملک، چیف سیکرٹری پنجاب، چیف ایگزیکٹو آفیسر آب پاک اتھارٹی زاہد عزیز اور دیگر شریک ہوئے۔
اجلاس میں پنجاب بھر میں 5 ہزار 27 واٹر فلٹریشن پلانٹس کی صورتحال پر رپورٹ پیش کی گئی، وزیراعلی پنجاب نے کھارے پانی والے علاقوں میں ترجیحی بنیادوں پر نئے فلٹریشن پلانٹ لگانے کی ہدایت کر دی۔مریم نواز نے ہر علاقے میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے جامع پلان طلب کرتے ہوئے صوبہ بھر میں غیر فعال اور خراب واٹر فلٹریشن پلانٹس کو فوری فعال کرنے کا حکم دے دیا۔اجلاس میں تمام فلٹریشن پلانٹس کا انتظام ایک ہی اتھارٹی کے سپرد کرنے کا بھی اصولی فیصلہ کر لیا گیا۔
اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔