نواز شریف سے ناحق وزارت عظمی، صدارت چھینی گئی ،شہباز شریف پارٹی صدارت سے مستعفی

اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی صدارت سے استعفی دیتے ہوئے کہا ہے کہ 2017 میں قائد محمد نواز شریف سے ناحق وزارت عظمی اور جماعت کی صدارت چھین لی گئی۔پارٹی کی سیکریٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے شہبازشریف کے استعفے کی کاپی جاری کردی جس کے مطابق انہوں نے 11 مئی 2024 کو پارٹی کے سیکریٹری جنرل کو اپنا استعفی بھجوایا۔

شہبازشریف نے اپنے استعفے میں کہا کہ پارٹی اصولوں اور اقدار کے ساتھ پختہ وابستگی کا اعادہ کرتے ہوئے جماعت کی تاریخ کے اہم موقع پر یہ تحریر لکھ رہا ہوں، 2017 میں قائد محمد نوازشریف سے ناحق وزارت عظمی اور جماعت کی صدارت چھین لی گئی۔انہوں نے لکھا کہ ہماری جماعت اور قیادت نے تمام مشکلات کا جرات اور ثابت قدمی سے مقابلہ کیا، دور ابتلا و آزمائش میں قائد محمد نوازشریف نے جماعت کی صدارت کی امانت مجھے سونپی تھی، پوری دیانتداری اور جذبے سے یہ فرض ادا کرنے کی کوشش کی۔

شہبازشریف کے استعفے کے متن کے مطابق انہوں نے لکھا کہ میرے محبوب قائد کی بریت ان کے باوقار کردار اور قوم کی خدمت کے بے داغ ماضی کی گواہی ہے، اس عہدے کو ہمیشہ ایک امانت سمجھا ہے جسے اپنے قائد کو واپس لوٹا رہا ہوں کہ وہ ملک اور جماعت کی راہنمائی فرمائیں، 2024 کے عام انتخابات کے بعد جماعت نے مجھے وزیراعظم بنایا۔

شہبازشریف نے مزید لکھا کہ اپنے محبوب قائد محمد نوازشریف سے غیرمتزلزل وفاداری کا عہد دوہراتا ہوں، احساس ذمہ داری اور جماعت کے اصولوں کے مطابق عہدے سے استعفی پیش کرتا ہوں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ قائد نوازشریف کو 28مئی کے مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس میں پارٹی صدر بنایاجائے گا۔مسلم لیگ ن نوازشریف کو دوبارہ پارٹی صدر بنانے کی قرارداد بھی پاس کررکھی ہے، پارٹی ذرائع شہبازشریف نے 11مئی کو پارٹی قیادت کومستعفی ہونے کے فیصلے سے آگاہ کردیا تھا، مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما سینیٹر طلال چوہدری نے شہباز شریف کے استعفی کی تصدیق کردی ہے۔