لاہور(صباح نیوز)مرکزی رہنما جماعت اسلامی راشد نسیم نے جامعة الفردوس کورنگی کراچی میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اہل غزہ نے حق اور باطل کے درمیان لکیر کھینچ دی ہے، حق کا ساتھ دینے والے یونیورسٹیوں، سڑکوں، چوکوں، چوراہوں میں احتجاج کررہے ہیں جبکہ باطل کے پیروکار یا تو خاموش ہیں یا ان عوامی احتجاجوں کا راستہ روکنے میں مصروف ہیں۔ یورپ، امریکہ، آسٹریلیا کی عوام ایک طرف، حکومتیں دوسری طرف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سب سے تکلیف دہ امر مسلمان حکمرانوں کا ہے جو امت کے جذبات کی ترجمانی کرنے کی بجائے لمبی چادر تان کرسو رہے ہیں۔ پاکستان کے حکمران اور سیاستدان اپنے مسائل میں الجھے نظر آتے ہیں، انہیں فلسطین میں ظلم اور بے گوروکفن لاشیں نظر نہیں آتیں۔ انہوں نے کہا کہ ان حالات میں جماعت اسلامی اہل فلسطین کے لیے بھرپور آواز بلند کررہی ہے، اب فیصلہ اب عوام نے کرنا ہے کہ وہ امت اور پاکستان کا حقیقی درد رکھنے والی جماعت کے دست وبازو بنیں۔