امیرالعظیم کی اسلامی جمعیت طلبہ کے غزہ مارچ پر پولیس تشدد اور لاٹھی چارج کی پر زور مذمت

لاہور(صباح نیوز)سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیرالعظیم نے اسلامی جمعیت طلبہ کے غزہ مارچ پر پولیس تشدد اور لاٹھی چارج کی پرزور مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ حکومت امریکی غلام ہے اور شاہ سے زیادہ شاہ کی وفادادی پر اتر آئے ہیں۔

منصورہ سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ اسلام آباد انتظامیہ نے طلبہ کی پرامن ریلی جو فلسطین کے مظلوموں سے اظہار یکجہتی کے لیے تھی کا راستہ روک کر ثابت کردیا ہے کہ حکمران فلسطین نہیں اسرائیل کے حمایتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ طلبہ امریکی سفارتخانہ کے سامنے احتجاج ریکارڈ کروانا چاہتے تھے۔ پولیس نے اسلامی جمعیت طلبہ کی ریلی میں شامل طلبا اور جماعت اسلامی کے رہنماؤں پر تشدد کیا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی غزہ کے مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ہر فورم پر پرامن احتجاج کرے گی، عوام اور طلبہ وطالبات کو حق حاصل ہے کہ فلسطینیوں کے حق میں احتجاج کریں۔ امریکہ کی یونیورسٹیوں میں بھی طلبا و طالبات فلسطین کے حق میں مظاہرے کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا حکمران اگر امریکی غلامی سے باز نہ آئے تو وہ وقت دور نہیں تو عوام انہیں گریبانوں سے پکڑ لیں گے۔