اسلا م آباد(صباح نیوز) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ 9 مئی ہمیشہ یہ یاد دلائے گا کہ ایک شخص اور گروہ نے اپنے ذاتی ایجنڈے اور اقتدار کی ہوس میں وطن عزیز کی اساس پر حملہ کیا۔اپنے ایک ویڈیو پیغام میں خواجہ آصف نے کہا کہ 9 مئی 2023 کو جو کچھ ہوا اس کے ارتکاب کا تصور ہمارے بدترین اور ازلی دشمن بھی نہیں کرسکتے۔
انہوں نے کہا کہ ایک سوچے سمجھے منصوبے پر عمل کرتے ہوئے پاک فوج کی تنصیبات اور شہدا کی یادگاروں کو نشانہ بنایا گیا جس کا نصور کسی بھی ملک اور کسی بھی حالات میں نہیں کیا جاسکتا۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے منصوبہ سازوں اور عمل کرنے والوں کو قوم شناخت کرتی ہے اور ان کے چہرے پاکستانی عوام کی یادداشت میں نقش ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ان کے نعروں اور للکاروں کی بازگشت آج بھی ہمیں اس افسوسناک دن کی یاد دلاتی ہے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ ان کرداروں کی سزا کا فیصلہ آئین اور قانون کرے گا۔خواجہ آصف نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آئیں آج عہد کریں کہ کسی بھی قیمت پر ہم کسی شخص یا گروہ کو پاک سرزمین کی آبرو کو پامال نہیں کرنے دیں گے اور اپنے محسنوں کی یادگاروں کی تکریم اور تقدس کا تحفظ کریں گے۔۔