حسن ابدال(صباح نیوز)چوروں نے ملکی معیشت کو اجاڑ کر ہمارے حوالے کیا جس کی بہتری کے لیے کوشاں ہیں۔میجر طاہر صادق کی حیثیت گواچی گاوں جیسی ہے جو فنڈز کے لیے پاوں پکڑتا ہے جبکہ زبان اپوزیشن کی استعمال کرتا ہے۔اپنا گھر سکیم میں عوام میں 40 ارب روپے تقسیم کیے جا چکے ہیں جو فلاحی ریاست کی جانب اہم قدم ہے۔ہیلتھ کارڈ انقلابی قدم ہے جس سے ہر شخص دس لاکھ روپے تک کا اعلاج کروا سکتا ہے جو ماضی میں صرف ایک خواب تھا۔
ان خیالات کا اظہار وفاقی مشیر ماحولیات ملک امین اسلم نے حسن ابدال کے نواحی علاقے حصار تا کٹاریاں روڈ کی تعمیر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ان کے ہمراہ چوہدری طلعت۔ملک عظمت۔ڈاکٹر خرم حیات۔ صالح محمد۔شومی خان۔الطاف حسین طافو سمیت پارٹی رہنماوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
ملک امین اسلم کا کہنا تھا کہ عمران خان اس ملک میں تبدیلی کا نشان ہے جس نے ملک میں مافیا کے خلاف جہاد کا اعلان کیا اور ملک لوٹنے والوں کو احتساب کے کٹہرے میں کھڑا کیا۔ ان کا کہنا تھاکہ حصا ر سے کٹاریاں کی 12کلو میٹر کی سڑک 145ملین روپے کی لاگت سے تعمیر کی جا رہی ہے جس سے یہاں کے عوام کو سفر کی آسان سہولت میسر آ سکے گی جبکہ علاقے میں گیس کی فراہمی بھی ہماری اولین ترجیح ہے جو ہم ووٹوں کے لالچ میں نہیں کر رہے بلکہ ہماری سیاست کا محور ہی عوام کی خدمت کرنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میجر طاہر صادق کی حیثیت ایسی گواچی گاں کی ہے جسے اپنی سمت کا ہی کوئی اندازہ نہیں ہے۔فنڈز لینے کے لیے وہ حکومت کے پاوں میں گر جاتا ہے جبکہ باتیں اپوزیشن کی زبان میں کرتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ملک میں اپنا گھر سکیم اور ہیلتھ کارڈ جیسے منصوبوں کا آغاز کیا گیا ہے جو عوام کی زندگیوں میں آسانیوں کا سبب بنیں گے۔ اپنا گھر سکیم کے تحت اب تک 40ارب روپے سے زاید رقم عوام میں تقسیم کی جا چکی ہے جس سے انہیں اپنی چھت میسر آ رہی ہے ۔
ملک امین اسلم کا کہنا تھا کہ ماضی میں سیاست کرنے والوں نے اپنوں کو نوازنے کے لیے کام کیا اور سرکاری زمینوں پر قبضے کر کے مال بنایا مگر ہم ان سے ایک ایک پائی کا حساب لیں گے اور عوام کا حق ان سے چھین کر واپس لیں گے۔ تقریب میں آمد کے موقع پر ان کا پروقار استقبال کیا گیا۔ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔انہوں نے جلسہ گاہ آمد سے قبل سڑک کی تعمیر کا باقاعدہ افتتاح کیا۔