ٹانک میں سیشن جج کے اغوا کیس کی انکوائری کیلئے خصوصی کمیٹی قائم


ٹانک(صباح نیوز)ٹانک میں سیشن جج کے اغوا کیس سے متعلق خصوصی کمیٹی قائم کر دی گئی جبکہ واقعہ کی ایف آئی آر بھی محکمہ انسداد دہشتگردی نے درج کر لی ہے۔

پولیس کے مطابق جج کے اغوا کیس سے متعلق بنی کمیٹی میں سی ٹی ڈی، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حکام شامل ہیں جبکہ جج کی بازیابی کے لئے سی ٹی ڈی میں الگ ٹیم تحقیقات کر رہی ہے۔پولیس حکام کے مطابق جج کی گاڑی کو ریکور کرلیا گیا ، اس کے ساتھ ہی جائے وقوعہ کے روٹ کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کر لی گئی ، ڈی آئی خان ریجن کے مختلف علاقوں میں مسلسل سرچ آپریشن  اور کئی مشتبہ افراد سے تفتیش بھی جاری ہے۔

دوسری جانب ڈی آئی خان اور ٹانک سرحد پر سکیورٹی سخت کر دی گئی  اور کسی بھی گاڑی اور شخص کو بغیر تلاشی کے خیبر پختونخوا سے پنجاب میں داخل ہونے سے روکنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔