اسلام آباد(صباح نیوز) پاکستان کے تین روزہ دورے پرآئے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی ہے جس میں دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان وزیراعظم ہاؤس میں ون آن ون ملاقات ہوئی اور دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے حوالے سے بھی امور زیر غور آئے۔ وزیراعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے درمیان نیک خواہشات کا تبادلہ بھی ہوا۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عام انتخابات کے بعد آپ دورہ پاکستان کرنے والے پہلے سربراہ مملکت ہیں، مجھ سمیت پوری پاکستانی قوم آپ کے اس دورے کا خیر مقدم کرتی ہے۔ ایرانی صدر ڈاکٹر ابراہیم رئیسی نے پاکستان آمد پر پرتپاک استقبال پر وزیر اعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے گفتگو بھی کی۔
اس سے قبل ایران کے صدر ابراہیم رئیسی وزیراعظم ہاؤس پہنچے جہاں وزیراعظم شہباز شریف نے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور پھر پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے ایران کے صدر کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر سے وفاقی کابینہ کے اراکین کا تعارف کروایا جس کے بعد ایرانی صدر نے وزیراعظم ہاؤس میں یوم ارض کی مناسبت سے پودا بھی لگایا۔
بعد ازاں ایرانی صدر ابراہیم ریئسی نے وزیرخارجہ اسحاق ڈار سے بھی ملاقات کی، ملاقات میں پاک ایران تعلقات پر تفصیلی گفتگو کی گئی، باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا۔ قبل ازیں ایرانی صدر کے ہمراہ اہلیہ اور اعلی سطح کے وفد کے ہمراہ پاکستان پہنچے، وفد میں ایرانی وزیر خارجہ، کابینہ کے دیگر ارکان، اعلی حکام اور تاجر بھی شامل ہیں۔ پاکستان پہنچنے پر ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کا استقبال وفاقی وزیر ریاض پیرزادہ نے کیا۔