اسلام آباد (صباح نیوز)ملی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیرمحمد زبیرنے کہاہے کہ ایران نے اسرائیل پر حملہ کرکے ایک غیرت مند قوم ہونے کا ثبوت دیاہے شام میں ایرانی سفارت خانہ پر اسرائیلی جارحیت کا ایران نے منہ توڑ جواب دیکر اپنی خودمختاری کا تحفظ کیا ہے اوردفاع کا جائز حق استعمال کیاہے پاکستان کے عوام اپنے ایرانی بھائیوں کے ساتھ ہیں اور ان کی بھرپور حمایت کرتے ہیں اوران کے اس جراتمندانہ اقدام پر ان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
اپنے بیان میں انھوں نے کہا ہے کہ ایران کے اقدام سے غزہ کے بے یارومددگارمظلوموں کو بھی ایک حوصلہ ملاہے اب وقت آگیا ہے کہ تمام مسلم ممالک اسرائیلی جارحیت کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل اختیارکرکے اہل غزہ کی نسل کشی اور ان پر کئی ماہ سے جاری ظلم و ستم کو روکنے کیلئے اہم کردار اداکریں ۔