ڈاکٹر فوزیہ کی حافظ نعیم الرحمان کو جماعت اسلامی کا مرکزی امیر منتخب ہونے پر مبارکباد

کراچی (صباح نیوز) گلوبل عافیہ موومنٹ کی چیئرپرسن اور ملک کی معروف نیوروفزیشن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے حافظ نعیم الرحمان کو جماعت اسلامی کا مرکزی امیر منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے ان کی کامیابیوں اور استقامت کے لیے دعا کی ہے۔ عافیہ موومنٹ میڈیا سیل سے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہ میں امید کرتی ہوں کہ جماعت اسلامی آپ کی زیرقیادت ڈاکٹر عافیہ کی رہائی اور وطن واپسی کے لیے دینی و قومی فریضہ ادا کرے گی اور 2003 ء میں میری ہمشیرہ اور قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کا تین کمسن بچوں سمیت اغواء اور امریکیوں کے حوالے کرنے کے قومی سانحہ کے بعد جماعت اسلامی کے رہنمائوں اور کارکنان نے جس طرح میرا ساتھ دیا ہے وہ سلسلہ آپ کی قیادت میں بھی جاری رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ2024 ء ڈاکٹر عافیہ کی رہائی اور وطن واپسی کے حوالے سے اہم سال ہے۔ ڈاکٹر عافیہ کیس کے وکیل کلائیو اسٹفورڈ اسمتھ کا کہنا ہے کہ میری کوشش ہے کہ اس سال کے اختتام تک ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کو ممکن بناسکوں۔ کلائیو اسمتھ کا یہ کہنا بھی ہے کہ ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کی چابی اسلام آباد (اقتدار کے ایوانوں) میں رکھی ہوئی ہے اوروہ عافیہ کی رہائی کے لیے پاکستانی قوم سے مدد کرنے کی اپیل بھی کرچکے ہیں۔ ڈاکٹر فوزیہ نے کہا کہ ڈ اکٹر عافیہ کی رہائی اور وطن واپسی کے مقصد کو حاصل کرنے کے لیے دینی ، سیاسی، انسانی حقوق اور سماجی بہبود کے لیے کام کرنے والی جماعتوں اور اداروں کے تعاون اور مدد کی پہلے سے زیادہ ضرورت ہے۔