کراچی(صباح نیوز)جماعت اسلامی حلقہ خواتین کراچی کی ناظمہ جاوداں فہیم نے قبلہ اوّل بیت المقدس و فلسطین کی جدو جہد آزادی کی تحریک حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کے بیٹوں اور پوتوں کی شہادت پر اسماعیل ہنیہ کے عزم و حوصلے اور صبرو استقامت پر اُن کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید کی جو موت ہے وہ قوم کی حیات ہے،
اپنے بیا ن میں انہوں نے کہاکہ فلسطین کے مسلمانوں کی جدوجہد اور شہادتوں نے اسلامی تاریخ کے قرون اولیٰ کی یادیں تازہ کر دی ہیں۔فلسطین کے قائدین اور عوام بھی خراج تحسین کے مستحق ہیں جو اللہ کے حکم کے نفاذ اور اس کی کبریائی کو قائم کرنے کے لئے اپنے جوانوں کی شہادتیں اللہ کے حضور پیش کر کے مطمئن اور ثابت قدم ہیں۔
تحریک حماس کی مزاحمت پوری دنیا کے مسلمانوں کے لئے ایک واضح پیغام ہے کہ مظلوموں کی حمایت کے لیے ظالموںکے خلاف صف آراء ہو جائیں اور ہر طرح کی قر بانیاں پیش کرنے کے لئے خود کو تیارکریں ۔جاوداں فہیم نے دعا کی کہ اللہ تعالی اسماعیل ہنیہ کے بیٹوں کی شہادتوں کو قبول فرمائے اور اہل غزہ و فلسطینیوں کی جدو جہد اور تحریک مزاحمت کو کامیابی سے ہمکنار کرے ۔