حافظ نعیم الرحمن سے یونس سوہن کی قیادت میں منارٹی ونگ کے وفد کی ملاقات، امیر منتخب ہونے پر مبارکباد


کراچی(صباح نیوز) نو منتخب امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن سے جماعت اسلامی منارٹی ونگ کراچی کے صدر یونس سوہن ایڈوکیٹ کی قیادت میں اقلتیوں کے نمائندہ وفد نے   ادارہ نور حق میں ملاقات کی اور ان کو امیر منتخب ہونے پر مبارکباد ، نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔

اس موقع پر اجرک ،سندھی ٹوپی اور گلدستہ پیش کیا اور اس توقع کا اظہار کیا کہ جس طرح حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں کراچی کے مسائل کے حل کے لیے جدوجہد کی گئی اور مسائل حل کرائے گئے اسی طرح اب پورے ملک کے خصوصا اقلیتی برادری کے مسائل کے حل کے لیے بھی حافظ نعیم الرحمن توانا آواز بنیں گے ۔اس کے علاوہ مظلوم فلسطینیوں کی حمایت اور اظہاریکجہتی کے لیے جس طرح کراچی میں بھرپور مہم چلائی گئی اور زبردست پروگرامات کے گئے امید ہے کہ اب اسی طرح ملک گیر سطح پر بھی غزہ کے  نہتے فلسطینیوں کے لیے آواز بلند کرتے رہیں گے ۔

ملاقات میں جماعت اسلامی منارٹی ونگ کے نگراں اور جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر مسلم پرویز بھی موجود تھے ۔وفد میں جنرل سکریٹری منارٹی ونگ پرویز برکت، نائب صدر منارٹی ونگ سیموئیل نذیر ، پاسٹر جیمسن مانا، پاسٹر محسن اقبال ، پاسٹر ولسن ، پاسٹر راشد غوری ، پاسٹر عدنان پال ، پاسٹر امجد فاروق،پاسٹر اسٹیفن غلام، سٹی کونسلر ظفر نارودیگر بھی شامل تھے ۔حافظ نعیم الرحمن نے جماعت اسلامی منارٹی ونگ کے وفد کا ادارہ نورحق آمد پر خیر مقدم کیا اور نیک خواہشات پر شکریہ ادا کیا ۔