لاہور ہائی کورٹ نے مری کے ارد گرد درختوں کو کاٹنے سے تاحکم ثانی روک دیا


لاہور(صباح نیوز)لاہور ہائی کورٹ نے مری کے ارد گرد درختوں کو کاٹنے سے تاحکم ثانی روک دیا۔جسٹس جواد حسن نے شہری پرویز عباسی کی مفاد عامہ کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست میں سیکرٹری ماحولیات، جنگلات، والڈ لائف اور کلائمٹ چینج کمیشن کو فریق بنایا گیا ہے۔ وکیل درخواست گزار نے کہا پوری دنیا کو موسمی تبدیلیوں کا سامنا ہے۔ مری میں ماحولیات کو تحفظ دینے کے لیے عملی اقدامات نہیں کیے جا رہے۔ ان علاقوں میں درختوں کو کاٹا جا رہا ہے۔ مری کو ماحولیاتی آلودگی کا سامنا ہے۔

سپریم کورٹ نے مری میں ماحولیات کو تحفظ دینے درخت نہ کاٹنے اور موثر قانون سازی کا حکم دیا۔ ابھی تک عدالت عظمی کے حکم کی پاسداری نہیں کی گئی۔ مری اور متصل علاقوں میں درختوں کو کاٹا جا رہا ہے۔وکیل درخواست گزار کے مطابق عدالت مری کہوٹہ اور کوٹلی بستاں کے علاقوں کو نیشنل پارک ایریا ڈیکلیر کرنے کا حکم دے۔ عدالت پہاڑوں اور درختوں کے تحفظ کے لیے موثر قانون کا بھی حکم دے۔ عدالت تاحکم ثانی ان علاقوں میں درختوں کو کاٹنے پر پابندی عائد کرے۔عدالت نے سیکرٹری جنگلات سمیت دیگر فریقین سے 31 جنوری کو جواب طلب کر لیا