نواب شاہ (صباح نیوز)قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 207 سے پیپلز پارٹی کی امیدوار آصفہ بھٹو زرداری بلا مقابلہ کامیاب ہوگئیں۔سندھ سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 207 کے ریٹرننگ افسر کے مطابق ضمنی انتخاب کیلئے 11 امیدواروں نے کاغذات جمع کرائے تھے جن میں آصفہ بھٹو سمیت 4 امیدواروں کے کاغذات منظور ہوئے۔
ریٹرننگ افسر کے مطابق جمعہ کو آصفہ بھٹو زرداری کے مخالف تینوں امیدواروں نے کاغذات واپس لے لیے ہیں جس کے بعد پی پی رہنما بلامقابلہ ایم این اے منتخب ہوگئی ہیں۔خیال رہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 207 نوابشاہ سے آصف زرداری کامیاب ہوئے تھے تاہم صدر مملکت منتخب ہونے کے بعد ان کی نشست خالی ہوئی تھی۔آصف علی زرداری کی خالی نشست پر آصفہ بھٹو زرداری کوپیپلزپارٹی کی جانب سے نامزد کیا گیا تھا،آصفہ بھٹو زرداری صدر آصف زرداری اور سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کی صاحبزادی ہیں۔