الیکشن کمیشن کا نوجوانوں،طالب علموں میں ووٹ کی اہمیت کے حوالے سے پنجاب یونیورسٹی میں پروگرام کا انعقاد


لاہور (صباح نیوز)الیکشن کمیشن تعلقات عامہ ونگ نے ملک بھر میں عوام الناس، خصوصی طور پر نوجوانوں اور طالبعلموں کیلئے ووٹ کی اہمیت اجاگر کرنے کیلئے آگاہی مہم کا  آغاز کر دیا۔

اس سلسلے میں پنجاب یونیورسٹی، لاہور، کے آڈیٹوریم میں آگاہی پروگرامز کا انعقاد کیاگیا۔ووٹر آگاہی پروگرامز میں الیکشن کمیشن کی طرف سے ڈائریکٹر میڈیا کوآرڈینیشن قراالعین فاطمہ،  ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر لاہور، باسط علی،سینئیرپبلک ریلیشنز آفیسر ھدی علی گوہر اور ڈپٹی ڈائریکٹر جینڈر افئیرز ما ہم قادر نے طلبہ میں ووٹ کی اہمیت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ آگاہی پروگرام کے شرکا میں جینڈر سٹڈیز اور پولٹکل ساینس ڈپارٹمنٹ کے اساتزہ، طلبہ وطالبات کی بڑی تعداد شامل تھی۔

الیکشن کمیشن کی طرف سے موجود افسران نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کی اس مہم کا مقصد پاکستان کے نوجوانوں کو انتخابی عمل، ووٹر رجسٹریشن  اور ووٹ ڈالنے کی اہمیت کے حوالے سے آگاہ کرنا ہے۔ علاوہ ازیں انتخابی عمل میں خواتین، خواجہ سرا، معذور افراد اور اقلیتوں کو بھی شامل کرنا الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری ہے۔ اس حوالے سے بریفنگ میں الیکشن کمیشن کی طرف سے لئے گئے مختلف اقدامات پر بھی روشنی ڈالی گئی۔

الیکشن کمیشن نے انتخابی فہرستوں میں مرد اور خواتین ووٹرز کی تعداد میں موجود صنفی فرق کو بھی ختم کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات لئے ہیں۔ جن میں  نادرا کے اشتراک سے خواتین شناختی کارڈ اور ووٹر رجسٹریشن مہم پاکستان بھر میں جاری ہے۔ شرکا کو ملک بھر میں جاری انتخابی فہرستوں کی نظر ثانی کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا اور ترغیب دی گئی کہ جلد ہی ڈرافٹ انتخابی فہرستیں ڈسپلے سنٹرز پر آویزاں کر دی جائیں گی، لہٰذہ  عوام الناس اپنے ووٹ کے کوائف کا ضرور جائزہ لیں تاکہ درست اندراج کو یقینی بنایا جا سکے۔

اس موقع پر طلبہ وطالبات کو آگاہ کیا گیا کہ وہ قوم کے معما ر ہیں اور انکی انتخابی عمل میں شمولیت ملک کے مستقبل کیلئے بے حد اہمیت کی حامل ہے۔ ووٹ ایک امانت ہے جس کا صحیح استعمال ہی ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتا ہے۔ آگاہی پروگرامز میں طا لبعلموں کو الیکشن کمیشن کی آگاہی مہم کا حصہ بنایا گیا اور ترغیب دی گئی کہ وہ آگے اپنے اپنے دائرہ کار میں لوگوں کو ووٹ کی اہمیت کے حوالے سے آگاہ کریں۔تقریب کے اختتام پر طلبہ میں اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔