غزہ میں6ماہ سے جاری وحشیانہ ظلم پرانسانیت شرماگئی ہے ، منعم ظفر خان

کراچی(صباح نیوز)جماعت اسلامی کراچی کے سیکریٹری جنرل منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ غزہ میں6ماہ سے جاری وحشیانہ ظلم پرانسانیت شرماگئی ہے،پوری دنیا اس پرسراپااحتجاج مگرمسلم حکمران بے حسی وبے غیرتی کی تصویربنے ہوئے ہیں۔کراچی میںجماعت اسلامی کے تحت 30مارچ کو شاہراہ قائدین پر غزہ مارچ کیاجائے گا،عوام بھرپورشرکت کرکے غاصب وقابض ریاست کے مظالم کی مذمت اورملی غیرت کا مظاہرہ کریں،ان خیالات کا اظہارانہوں نے احسن آبادمیں دعوت افطار کے اجتماع سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پرصوبائی سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا، علاقہ احسن آباد کے ناظم امجد نثار، کاشف احمد،امین اشعربھی موجود تھے۔

انہوں نے مزیدکہاکہ اہل فلسطین سخت مشکل حالات میں طاقتور دشمن کا اکیلے ہی ایمان وجھادکے جزبہ سے مقابلہ کر رہے ہیں ان کے حالات جان کردل غمزدہ ہے لیکن انکی ایمانی قوت اور قرآن سے انکا مضبوط رشتہ انکے صبر و استقامت کی گواہی دیتا ہے۔ ہمیں اپنے مظلوم و مجبور فلسطینی بھائیوں کے لیے دعا بھی کرنی ہے انکی مدد کے لیے ہر ممکن حد تک  فنڈ بھی جمع کرنا ہے ان کے لیے آواز بھی اٹھانی ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم رمضان المبارک کے دوسرے عشرے میں داخل ہوگئے ہیں یہ عشرہ مغفرت کا تو بہ و استغفار کا ہے جو ہمیں اپنے رب کی طرف پلٹنے رجوع کرنے اور اسکی رضاجوئی حاصل کرنے کا سبق دیتا ہے یہ روزہ ہمارے اندر آخرت کی جواب دہی کا احساس پیدا کرتا ہے یہی کیفیت ہمارے اندر تقوی کی تربیت کا ذریعہ بنتی ہے۔ جو آئندہ کے لیے بھی ہمیں گناہ سے بچتے رہنے کی تیاری کرواتی ہے۔اس لیے فرمایا گیا کہ جس نے ایمان واحتساب کے ساتھ روزہ رکھا ان کے پچھلے گناہ معاف کردیئے جائیں گے۔#