کراچی(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی سندھ و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ دیانت و امانت کے ساتھ عوام کی بلا تفریق خدمت الخدمت کی پہچان ہے۔ اہل خیر انسانیت کی خدمت کے مشن کو آگے بڑھانے کے لیے الخدمت کے ساتھ بھرپور دست تعاون بڑھائیں۔فلسطین کشمیر افغانستان سے لیکر دنیا بھر میں جب بھی انسانیت پر کوئی مشکل کی گھڑی آئی تو الخدمت سب سے پہلے وہاں پہنچتی ہے۔ سندھ میں سیلاب کورونا یا رمضان راشن کی تقسیم ہو الخدمت فائونڈیشن کا کردار قابل تعریف ہے۔ الخدمت 30 ہزار سے زائد بچوں کی کفالت کر رہی ہے مٹیاری اورکراچی میں آغوش سینٹرز میں یتیم بچوں کی بہترین کفالت اور تعلیم و تربیت کا اہتمام کیا گیا ہے۔اندازہ لگائیں کہ جب جماعت اسلامی حکومت کے بغیر صحت تعلیم روزگار اور قدرتی آفات میں اتنا آگے بڑہ کر کام کرتی ہے تو جب اقتدار ملا تو کیسی عوام کی
خدمت ہوگی۔ان خیالات کا اظہارِ انہوں نے الخدمت فاؤنڈیشن نوشہروفیروز کے دورے کے موقع پر کیا۔امیر ضلع ایڈووکیٹ شبیر خانزادہ نے صوبائی امیر کو مختلف فلاحی منصوبوں، سرگرمیوں اور دعوتی و تنظیمی امور سے آگاہی دی۔صوبائی سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا، عبدالواحد اور ایڈووکیٹ عبدالماجد خانزادہ بھی موجود تھے۔ امیر جماعت اسلامی سندھ نے کہا کہ آج فلسطین میں انسانیت کا قتل عام جاری ہے۔معصوم بچوں خواتین اور بوڑھوں کو بھوکا پیاسا رکھ کر مارا جارہا ہے ہزاروں بچے یتیم اور اپنے والدین سے بچھڑ چکے ہیں۔ الخدمت اس وقت تک 65 روپے کا امدادی سامان فلسطین کے اپنے مظلوم بہن بھائیوں کو بھجوا چکا ہے۔ جس میں کھانے پینے کا سامان شامل ہے مزید بھی کوششیں جاری ہیں۔
Load/Hide Comments