سندھ میں امن و امان کی مخدوش صورتحال حکومت کی بدترین ناکامی ہے، لیاقت بلوچ

 کراچی(صباح نیوز)نائب امیر جماعتِ اسلامی اور سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے سندھ میں امن و امان کی مخدوش صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے حکومت کی بدترین ناکامی قرار دیا اور کہاکہ پیپلزپارٹی تسلسل کے ساتھ چوتھی بار اقتدار میں آنے کے باوجود سندھ کے عوام کو امن نہیں دے سکی ہے۔ شہریوں کی جان و مال کی حفاظت حکومت کی اولین ذمہ داری ہوتی ہے مگراس کے برعکس سندھ حکومت نے ظالم وڈیرہ شاہی نظام کو مضبوط کیا ہے جنہوں نے جرائم پیشہ افراد کے ساتھ ملکر حکومت رٹ کو چیلنج اور لوگوں کا جینا دوبھر کردیا ہے۔پنجاب، سندھ، بلوچستان کے سنگم پر واقع دریائے سندھ کے کچے کا علاقہ ڈاکوں کے زیرِقبضہ ہے۔ بے گناہ، لوگوں کو اغوا برائے تاوان کیا جاتا، تشدد اور گولیاں مارنے کی  ویڈیوز وائرل کی جاتی ہیں، لاتعداد خاندان کرب اور مصیبت سے دوچار ہیں، عوام کو جان، مال اور عزت کا تحفظ حاصل نہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوٹھ امام الدین بجارانی پہنچ کر روڈ ایکسڈنٹ شہید ہوئے والے جماعت اسلامی سندھ کے رہنما اور رکن مرکزی مجلس شوری عبدالحفیظ بجارانی کے لواحقین سے تعزیت کے بعد میڈیا سے بات چیت کے دوران کیا۔انہوں نے مرحوم کی مغفرت درجات بلندی اور پسماندگان کے لیے صبرجمیل جمیل کی دعا کی۔ مرحوم کے چھوٹے بھائی و سابق امیر ضلع جیکب آباد امداد اللہ بجارانی ، صاحبزادے انیس احمد و دیگر ضلعی و مقامی رہنما بھی ساتھ موجود تھے۔ لیا قت بلوچ نے کہاکہ مرحوم عبدالحفیظ بجارانی اپنے علاقے سمیت سندھ میں جماعت اسلامی کی پہچان تھے، آخری سانس تک خود اور پورا خاندان تحریک کے ساتھ اقامت دین کی جدوجہد میں شامل ہے۔

انہوں ایک سوال کے جواب میں کہاکہ سندھ، پنجاب اور بلوچستان حکومتیں عوام کے مسائل اور مصائب سے لاتعلق ہیں۔ عوام کا کوئی پرسانِ حال نہیں۔کچے کے علاقے میں ڈاکوں کا راج ہے اور پکے کے علاقوں میں ان کے سہولت کار موجود ہیں۔ وزیراعلی پنجاب مریم نواز، وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ، وزیر اعلی بلوچستان سرفراز بگٹی عوام کا احساس کریں، عوام کو جان، مال، عزت کا تحفظ دیں۔ تین صوبوں کے سنگم پر عوام حکومتی تحفظ سے محروم اور ڈاکوں کی براہِ راست زد میں ہیں۔ حکومتیں چند دِن نمائشی اقدامات کرتی ہیں اور پھر وہی اندھیری رات اور ڈاکوں کا راج ہوتا ہے۔ حکمران اگر عوام کو تحفظ نہیں دے سکتے تو انہیں اقتدار کے ساتھ عوام پر مسلط رہنے کا کوئی حق حاصل نہیں۔ جماعتِ اسلامی متاثرہ علاقوں میں پہلے بھی امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی قیادت میں مارچ و ریلیاں نکالیں اور مقامی قیادت ایک ماہ تک دھرنے دیکر بیٹھی اور آئندہ بھی امن مارچ کرے گی اور عوام کے جان مال عزت کے تحفظ کے لیے عوام کے جذبات کی ترجمانی کی جائے گی۔۔