نیب کراچی نے میونسپل کمشنر صائم عمران خان کے خلاف تحقیقات شروع کردیں

کراچی (صباح نیوز)قومی احتساب بیورو نیب کراچی نے میونسپل کمشنر نیوکراچی صائم عمران خان کے خلاف ٹاؤن کو کروڑوں روپے مالیت کا نقصان پہنچانے پر تحقیقات شروع کردیں ۔نیوکراچی ٹاؤن چیئرمین کی درخواست پر شروع ہونے والی انکوائری میں نیب کراچی نے ٹاؤن انتظامیہ سے ریکارڈ طلب کرلیا ہے جب کہ چیئرمین ٹاؤن نیوکراچی محمد یوسف کا بیان بھی قلمبند کرلیا ہے ۔

میونسپل کمشنر صائم عمران خان پر درخواست میں الزام عائد کیا گیا یے کہ انہوں نے نیوکراچی ٹاؤن میں خمیسو گوٹھ میں فائبر کیبل نصب کرنے کے لئے روڈ کٹنگ پر ایک کروڑ 77 لاکھ 4128 روپے کے چالان میسرز ملٹی نیٹ پاکستان کو جاری کیا گیا لیکن 29 فروری 2024 کو ملٹی نیٹ پاکستان کے مالک سید وقار حسین کو 5 لاکھ روپے مالیت کے تین چالان جاری کئے گئے اور ان تینوں چالان کی مجموعی رقم 15 لاکھ روپے ٹان اکاوئنٹ میں جمع کروانے کے بجائے زاتی کھاتے میں منتقل کردی جس کا معاملہ جب کھلا تو میونسپل کمشنر صائم عمران خان نے 7 مارچ 2024 کو یہ رقم ٹاؤن کو بھیج دی جس سے میونسپل کمشنر کی جانب سے نیوکراچی ٹاؤن کو ایک کروڑ 52 لاکھ سے زائد کا نقصان پہنچانے کے شواہد سامنے آئے ہیں اور ان ہی شواہد کی روشنی میں نیوکراچی ٹاؤن کے چیئرمین آفس نے نیب کراچی کو درخواست ارسال کی یے جس پر صائم عمران خان کے خلاف باقاعدہ تحقیقات کا آغاز ہوگیا ہے اور نیب کراچی حکام نے ٹاؤن سے ریکارڈ طلب کرلیا ہے۔

یاد رہے کہ نیوکراچی ٹاؤن میں میونسپل کمشنر کی خلاف ضابطہ تعیناتی ترقیاتی کاموں میں رکاوٹ کھڑی کرنے لگے ہیں ،لوکل بورڈ  کی جانب سے مبینہ بھاری رشوت کے عیوض گریڈ 17 کے صائم عمران کو گریڈ 19 کے عہدے پر خصوصی نوازشات جاری ہیں،ماضی میں کرپشن الزامات کی زد میں رہنے والے دو ملازمین میونسپل کمشنر کے دست راست بنے ہیں ، نیو کراچی ٹاون افسران میں سرد جنگ کے باعث نیو کراچی کے ترقیاتی کام تعطل کا شکار ہوگئے ہیں میونسپل کمشنر صائم عمران نے مبینہ طور پر  ٹھیکیداروں کو دفتر بلوا کر مزید کام سے روک دیا جس پر ٹھیکیدار نے اعتراض کیا کہ کام شروع کردیا گیا لیبر کام کر رہی ہے تو اس وقت کام کو روکنے سے ٹاؤن کو مالی نقصان ہو گا جس پر میونسپل کمشنر نے ٹھیکیدار کو جعل سازی میں پھنسانے اور مقدمات درج کرانے کی دھمکیاں دیتے ہوئے دفتر سے باہر نکال دیا اوربل کی ادائیگی سے بھی منع کردیا ہے ۔

واضح رہے کہ نیو کراچی ٹاون میں میونسپل کمشنر کے تضحیک آمیز رویے سے عملہ شدید پریشان ہے میونسپل کمشنر کے لئے عبید اور منصور نامی ملازمین نائٹ سٹنگ، بلڈنگ مٹریل،بار بی کیو سے ٹیکس کی مد میں وصول ہونے والی رقوم کو ٹاون میں جمع کروانے کے بجائے میونسپل کمشنر کے پاس کیش کی صورت میں جمع کروا رہے ہیں جبکہ پتھاروں سے بھی غیر قانونی طور پر رقم وصولی کا کام بھی جاری ہے ، روزانہ کی بنیاد پر مذکورہ ملازمین لاکھوں روپے وصول کر کے کمشنر کو پہنچا رہے ہیں۔ دوسری جانب نالوں پر قائم تجاوزات کے خلاف کارروائی کے بجائے ان غیر قانونی دوکان مالکان کو بھی ڈرا دھمکا کر ہفتہ وار رقم   وصول   کی جارہی ہے۔