یوم باب الاسلام دین کی سربلندی کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہ کرنے کی تجدید عہد کا دن ہے ، رخشندہ منیب


کراچی(صباح نیوز)10رمضان المبارک اسلامی تاریخ کا ایک اہم دن جسے یوم باب الاسلام کے نام سے یاد کیاجاتا ہے۔اس اہم تاریخی دن سندھ میں اسلامی جھنڈا لہرا کر محمد بن قاسم نے نہ صرف پورے سندھ میں بلکہ پورے برصغیر پاک و ہند میں اسلامی حکومت کے قیام کی راہ ہموار کی جو کہ بعد میں پاکستان کے قیام کا سبب بنا ۔

یہ بات ناظمہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی صوبہ سندھ رخشندہ منیب نے یوم باب السلام کے موقع پر بیان میں کہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ دن درحقیقت اس عہد کی تجدید اور اس عزم کا اظہار ہے کہ اپنے پیش رو محمد بن قاسم کی طرح ہم ظلم و جبر اور باطل کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن جائیں گے۔حق کی بقا ،ظلم کے خاتمہ اور دین کی سربلندی کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ علاوہ ازیں انہوں نے کہا کہ اس موقع پر ہمیں اپنے فلسطینی بہن بھائیوں کے لئے بھرپور طریقہ سے آواز اٹھانی چاہئے جو ظلم کے خلاف اپنی سے بہت بڑی طاقت سے نبرد ازما ہیں اور قربانیاں دے رہے ہیں۔ رمضان کی ان گھڑیوں میں ان کی کامیابی اور نصرت کے لئے دعا کرنی چاہیئے۔