وزیر دفاع کی جانب سے پاک فوج میں افسران رینک کے افغان شہریوں کی شمولیت اور نکالنے کے انکشافات لمحہ فکریہ ہیں محمد حسین محنتی

کراچی(صباح نیوز)جماعت اسلامی سندھ کے امیر وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے وزیر دفاع کی جانب سے پاک فوج میں افسران رینک کے افغان شہریوں کی شمولیت اور نکالنے کے انکشافات پر گھری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان قرار دیا ہے اس سے قبل عام انتخابات میں افغان شہری کے منتخب ہونے کی اطلاعات بھی گردش کررہی ہیں، غیرملکی اداروں کیلئے جاسوسی کرنے والوں کو بھی انہی اداروں سے نکالا گیا پاکستان اللہ کا انعام ہے اس کی نظریاتی وجغرافیائی سرحدوں کی حفاظت ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے آج ایک بیان میں مزید کہا کہ نادرا میں بھاری رشوت کے بدلے بڑی تعداد میں غیر ملکیوں کو شناختی کارڈ بناکر دیئے گئے جس کے مقدمات ابھی تک چل رہے ہیں، قوم کو بتایا جائے کہ اس میں کون ملوث ہے اور پاکستان کیخلاف سازشیں کرنے میں مصروف ہے۔ فوج جیسے شعبہ میں اتنی بڑی کوتاہی کیسے ہوئی، ضرورت اس امر کی ہے کہ آئندہ اس طرح کے واقعات کے سدباب کیلئے ملوث ذمہ داران کیخلاف کاروائی کی جائے۔#