کراچی(صباح نیوز)جماعت اسلامی سندھ کے امیر وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ عبدالحفیظ بجارانی ایک جرائتمند اور بہادر انسان تھے ان کی دینی،سیاسی اور سماجی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا
ان خیالات کا اظہار انہوںنے قباء آڈیٹوریم میں صوبائی رہنماء عبدالحفیظ بجارانی کی یاد کے حوالے سے منعقدہ تعزیتی اجتماع سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر مرحوم کی مغفرت، درجات کی بلندی اور پسماندگان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی گئی۔ صوبائی امیر نے مزید کہا کہ مرحوم عبدالحفیظ بجارانی صوبائی ٹیم کے ایک بہترین رکن تھے، شعبہ تعلقات عامہ،شعبہ اقلیتی امور،سیاسی کمیٹی سمیت مختلف امور پر ان کو دسترس حاصل تھی، اپنا ہر کام بروقت اور پرجوش انداز میں سرانجام دیتے تھے، جیکب آباد،کشمورکندھ کوٹ اضلاع میں پولیس، پٹوار سمیت دیگر انتظامی معاملات میں عوامی مسائل کیلئے روزانہ درجنوں لوگ ان سے رجوع کرتے اور وہ خندہ پیشانی سے ان کے مسائل کو حل کرنے کیلئے متعلقہ افسران سے رابطہ کرکے ان کے مسائل کو حل کرواتے۔مرحوم عبدالحفیظ بجارانی کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔