تنازعہ کشمیر کو حل کیے بغیر جنوبی ایشامیں پائیدار امن و ترقی کا خواب ہرگز شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا،حریت کانفرنس


سری نگر: کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ بھارت کشمیریوں کو انکاپیدائشی حق ، حق خود ارادیت دینے کے بجائے انہیں جبر و استبداد کے ہتھکنڈوں اور بلا جوازپابندیوں کے ذریعے دبانے کی کوشش کر رہا ہے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ مقبوضہ علاقے میں سیاسی جماعتوں پر پابندی کا بھارتی اقدام کشمیریوں کے سیاسی مطالبے کو دبانے اور ان کی قیادت کو انتقام کا نشانہ بنانے کی مذموم مہم کا حصہ ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کو معلوم ہونا چاہیے کہ کسی قوم کی امنگوں اور خواہشات کو نوآبادیاتی ہتھکنڈوں کے ذریعے ہرگز کچلا نہیں جاسکتا، آزادی پسند جماعتیں کشمیریوں کی امنگوں کی نمائندگی اور ترجمانی کرتی ہیں اور بلاجواز وغیر قانونی پابندیوں اور املاک کی ضبطی سے انہیں حق خود ارادیت کے جائز مطالبے سے ہرگز روکا نہیں جاسکتا۔

ترجما ن نے کہا کہ بھارتی ایجنسیاں تحریک آزادی کو نقصان پہنچانے کیلئے کشمیریوں کو فرقہ وارانہ بنیادوں پر تقسیم کرنے کی کوشش کر رہی ہیںلیکن غیور کشمیری انکے تمام مذموم منصوبوں کا ناکام بنا دیں گے ۔انہوںنے واضح کیا کہ تنازعہ کشمیر کو حل کیے بغیر جنوبی ایشامیں پائیدار امن و ترقی کا خواب ہرگز شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا، تنازعہ کا واحد حل بامعنی اورنتیجہ خیز مذاکرات میں ہی مضمر ہے ، عالمی برادری کو چاہیے کہ اس مسئلے کے حل کے حوالے سے غیر حقیقت پسندانہ بھارتی طرز عمل اور ہٹ دھرمی کا نوٹس لے اور بھارتی قیادت پر اسکے حل کیلئے بھارتی دبا ڈالے۔