کراچی ،نارتھ ناظم آباد سے 2 کم عمر بہن بھائی پراسرار طور پر لاپتہ


 کراچی (صباح نیوز) کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد بلاک ایچ سے 2 کم عمر بہن بھائی پراسرار طور پر لاپتہ ہوگئے ہیں۔ لاپتا بچوں کے ماموں نے بتایا کہ ایان اور انابیہ رات کو 11 بج کر 50 منٹ پر نیچے اترے تھے، اہلخانہ کا کہنا تھا کہ پولیس کواطلاع کردی گئی ہے لیکن تاحال کوئی مدد نہیں کی گئی۔ دوسری جانب تھانہ حیدری کے ایس ایچ او نے بتایا کہ نارتھ ناظم آباد سے لاپتہ ہونے والے بچوں کی تلاش جاری ہے

پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیجز چیک کرنا شروع کردی ہیں، بچوں کی گمشدگی کا مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے۔ لاپتا بچوں کی والدہ نے سوشل میڈیا پر مدد کے لیے پوسٹ بھی جاری کردی ہے، اپنے بیان میں والدہ نے بتایا کہ بچوں کو ہر جگہ ڈھونڈا لیکن کوئی معلومات نہ مل سکی ہیں، اگر کسی کو بچوں سے متعلق کچھ پتا ہو تو ضرور اطلاع دیں۔ لاپتا بچوں کے والد کے مطابق انہیں سحری کے وقت بچوں کی گمشدگی کی اطلاع ملی۔

واضح رہے کہ بچوں کے والد نے 8 سال قبل اہلیہ سے علیحدگی اختیار کرلی تھی، ان کی والدہ دبئی میں ملازمت کرتی ہیں، دونوں بچے اپنے ماموں راشد کے ساتھ ہی رہتے تھے۔