سراج الحق کی اپیل پر فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے کراچی تا کشمور احتجاجی مظاہرے غزہ ریلیاں



کراچی (صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی اپیل پر اسرائیلی درندگی کے خلاف اور فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے جماعت اسلامی کے تحت کراچی تا کشمور احتجاجی مظاہرے اور غزہ ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں شریک مرد وخواتین نے قابض وغاصب فوج کے انسانیت سوز مظالم اور مسلم حکمرانوں کی بے حسی کے خلاف سخت نعرے بازی کرتے ہوئے غزہ کے مظلوم مسلمانوں کی داد رسی اور جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔ کراچی ، سکھر ، کشمور ، ٹھٹھہ ، کندھ کوٹ ، شکارپور ، عمر کوٹ بدین، ٹنڈو آدم اور حیدرآباد میں منعقدہ احتجاجی مظاہروں ریلیوں میں عوام نے بھرپور شرکت کر کے اپنے مظلوم فلسطینی بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیا۔

بدین میں اقصیٰ مسجد سے پریس کلب تک احتجاجی ریلی سے جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر ممتاز حسین سہتو، ضلعی امیر علی مردان شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غزہ کو دنیا کی سب سے بڑی جیل بنا کر فلسطینی عوام کو قید اور40 ہزار مسلمانوں کو شہید کیا گیا ہے۔ مگر مسلم حکمران بے حس اور عالمی ضمیر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ جوایٹم بم قبلہ اول کو نہ بچا سکے وہ ایٹم بم نہیں بلکہ راکھ کا ڈھیر ہے۔ پاکستان سمیت مسلم حکمران بھی عملی طور امریکہ واسرائیل کے ایجنٹ بنے ہوئے ہیں۔ عمر کوٹ میں مقامی دفتر سے پریس کلب تک ریلی کا انعقاد کیا گیا۔

صوبائی نائب امیر حافظ نصراللہ چنا اور ضلعی امیر خلیل احمد کھوکھر نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس وقت غزہ جل رہا ہے اور دنیا کے نام نہاد مسلم حکمران کو فیوں کا کردار ادا کر رہے ہیں ،ہزاروں بچوں خواتین اور بزرگوں کو بھوکا پیاسہ رکھ کر شہید کیا جا چکا ہے کوئی بھی ان کی آواز سننے والا نہیں ہے جماعت اسلامی ظلم کے خلاف اور مظلوموں کی آواز ہے۔ انہوں مطالبہ کیا کہ مسلم حکمران ملی غیرت کا مظاہرہ اور غزہ میں مسلمانوں کی نسل کشی روکنے کے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن جائیں۔ حیدرآباد میں پریس کلب ،کشمور میں نادرا آفس سے پریس کلب ، ٹنڈوآدم کوثر مسجد سے پریس کلب ،ٹھٹھہ میں ایدھی سینٹر سے پریس کلب اور کندھ کوٹ میں پریس کلب پر مظاہروں سے عقیل احمد خان،عدنان دانش،افضل عطا کلوڑ ، مشتاق عاد ل ، عبداللہ آدم گندرو غلام مصطفیٰ ودیگر نے خطاب کیا۔#