کراچی(صباح نیوز)گورنر سندھ کامران ٹیسوری سے سعودی سفیر نواف سعید المالکی کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی جس میں اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران پاک سعودی تعلقات، پاکستان کے حجاج کرام اور زائرین کو مزید سہولیات کی فراہمی، روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ سمیت دیگر امور پر بھی بات چیت ہوئی۔
اس موقع پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی حکومت کی جانب سے پاکستانی حجاج اور عمرہ زائرین کو سہولیات کی فراہمی قابل تحسین ہے، گورنر ہاؤس آمد پر وفد کے ایک ایک فرد کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔انہوں نے کہا ہے کہ سعودی سفیر سے ایسا دلی لگاؤ ہے کہ ان سے ملاقات کے لئے خصوصی طور پر کراچی پہنچا ہوں، سعودی وزیر برائے مذہبی امور ڈاکٹر توفیق کو سلام اور ان کا خصوصی شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔
اس موقع پر سعودی سفیر نواف سعید المالکی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کا امن امت اسلامیہ کا امن ہے، سعودی حکومت پاکستان میں سرمایہ کاری کو اہمیت دیتی ہے، پاکستان کے حجاج کرام کو مزید سہولیات دینے کے لئے کوشاں ہیں۔