کراچی(صباح نیوز)نائب امیرجماعت اسلامی کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی نے کہا ہے کہ بانی جماعت اسلامی پاکستان سید ابوالاعلیٰ مودودی نے بیسوی صدی میں اسلام کا حقیقی تصور پیش کیا ،اسلام ایک مکمل نظام حیات اور انفرادی و اجتماری زندگی میں انقلاب کا خوگر ہے ، اسلام دنیا میں غالب ہونے کے لیے آیا ہے ،مرکز قرآن وسنہ کاتعلیمات دینیہ فہم دین کے کورسز کروا نا انتہائی اہمیت کا حامل ہے ،حصول علم کے ساتھ ساتھ عمل بھی ضروری ہے ،غزہ کے مظلوم و نہتے مسلمان قرآن کا عملی نمونہ ہیں ،فلسطین میں اسرائیل کی دہشت گردی اور جارحیت کے خلاف مسلم حکمران بے ضمیر ہوچکے ہیں ،مسلم ممالک سمیت مغربی ممالک کے عوام بھی فلسطین میں جاری جارحیت کے خلاف سراپا احتجاج ہیں ،رمضان المبارک کا بابر کت مہینہ سایہ فگن ہونے والا ہے، رمضان المبارک قرآن مجید کا مہینہ ہے ، ہمیں قرآن کے پیغام کو سمجھنے اور تحریکی ودینی شعور کو بیدا ر کرنے کی ضرورت ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نورحق میں مرکز قرآن سنہ کے تحت پہلی سالانہ تقریب تقسیم اسناد و انعامات سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ تقریب سے نگراں مرکز قرآن و سنہ حافظ عبد الواحد شیخ ، ڈائریکٹر مرکز قرآن و سنہ مفتی عطاء الرحمن ودیگر نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر مولانا ثناء اللہ رحمانی، ڈاکٹر ساجد جمیل ، نگراں مرکزی قرآن و سنہ ضلع ایئرپورٹ وسیم مرزا،سکریٹری سائٹ ضلع غربی ڈاکٹر نورالحق،اسد خان و دیگر بھی موجود تھے ۔ تقریب میں تعلیمات دینیہ و فہم دین کورس میں نمایاں کاکردگی پیش کرنے والے شرکاء میں شیلڈز تقسیم کی گئیں ۔ڈاکٹر اسامہ رضی نے مزیدکہا کہ تقریب تقسیم اسناد و انعامات کے شرکاء مبارکباد کے مستحق ہیں جنہوں نے اپنی ملازمت کے ساتھ ساتھ فہم دین کا کورس مکمل کیا ، مرکزقرآن و سنہ کے اساتذہ کرام بھی خراج تحسین کے مستحق ہیں جنہوں نے اپنے آپ کو فہم دین کی کلاسز کروانے کے لیے پیش کیا۔
حافظ عبد الواحد شیخ نے کہاکہ مرکز قرآن و سنہ کی بنیاد اللہ کے دین کی سربلندی کی جدوجہد ہے ، المیہ یہ ہے کہ شعبہ زندگی کے کسی حصے میں قرآن کا کوئی قانون نافذ نہیں ہے ، اللہ تعالیٰ کے کلام کو اپنے سینوں میں اتارنے کے ساتھ ساتھ اس پر عمل کرنا بھی ضروری ہے ، اسرائیل نہتے و مظلوم فلسطینیوں پر راکٹ پھینک رہا ہے ، غزہ و اہل فلسطین کے مسلمان حالت جنگ میں بھی قرآن کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ مرکز قرآن وسنہ کے تحت ہر ضلع میں 3مراکز قائم کیے جائیں گے اور بہت جلد فہم دین کے کورسز کے لیے خواتین کلاسز کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔2019میں تعلیمات دینیہ وفہم دین کی کلاسز کو ہر ضلع میں تقسیم کردیا گیا ، 10اضلاع میں 28مقاما ت پر کلاسز جاری ہیں جس میں 650افراد استفادہ کررہے ہیں ۔مفتی عطاء الرحمن نے کہاکہ مرکز قرآن و سنہ تحریک اسلامی کا جز ہے ، اور تحریک اسلامی کا طر ہ امتیاز ہے کہ وہ ہر کام کو بہترین انداز میں سرانجام دیتی ہے ، مرکزقرآن وسنہ اقامت دین کے قیام کے لیے عمل پیرا ہے اسی سلسلے میں کراچی کے تمام اضلاع میں فہم دین کی کلاسز منعقد کی جارہی ہیں ۔