ایف بی آر نے برآمدکنندگان کے تمام تصدیق شدہ ریفنڈز جاری کر دیئے

اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے برآمد کنندگان کے 3 مارچ 2024 تک کے 65 ارب روپے کے تمام واجب الادا ریفنڈز جاری کر دیئے ہیں۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے 3 مارچ 2024 کو وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد قومی اسمبلی میں اپنی پہلی تقریر کرتے ہوئے یہ ریفنڈز جاری کرنے کی ہدایات دی تھیں۔

برآمدکنندگان کو جاری کردہ ریفنڈز سے برآمدات میں مزید بہتری اور پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہو گا۔ تجارتی تنظیموں اور برآمدی شعبوں نے وزیراعظم کے اس اقدام کا خیر مقدم کیا ہے اور کہا ہے کہ اس سے معاشی خوشحالی اور ٹیکسٹائل کی صنعت میں روزگار کے مزید مواقع پیدا ہوں گے۔