پاکستان اور سعودی عرب کا تیل و گیس ، تعمیرات ، فوڈ اینڈ ایگریکلچر میں سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد(صباح نیوز)نگران وفاقی وزیر تجارت و صنعت ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب نے تیل و گیس ، تعمیرات ، فوڈ اینڈ ایگریکلچر میں سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق کیا ہے جبکہ سعودی وزرا نے پاکستان کے ساتھ تجارتی تعلقات مضبوط کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ منگل کو وزارت تجارت و صنعت کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر تجارت و صنعت ڈاکٹر گوہر اعجاز سعودی عرب کا دورہ مکمل کرنے کے بعد واپس اسلام آباد پہنچ گئے ۔

وزیر تجارت کے ہمراہ 20 رکنی پاکستانی صنعتکاروں کا وفد بھی ہمراہ تھا ۔ حکام کے مطابق انہوں نے ریاض میں سعودی عرب کے وزیر سرمایہ کاری خالد الفلیح اور وزیر تجارت ماجد الکسبی سے ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے سعودی وزرا سے وفود کی سطح پر مذاکرات کیے۔ حکام نے بتایا کہ ملاقاتوں کے دوران پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سرمایہ کاری کو بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔گوہر اعجاز نے دورہ سعودی عرب کے حوالے سے کہا کہ ان کا یہ دورہ بہت مفید رہا ، دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو بڑھانے کی ضرورت ہے،

سعودی وزرا نے پاکستان کے ساتھ تجارتی تعلقات مضبوط کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ وفاقی وزیر تجارت نے کہا کہ دونوں ممالک نے تیل و گیس ، تعمیرات ، فوڈ اینڈ ایگریکلچر میں سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق کیا ہے اور امید ہے کہ اس دورے کے ثمرات جلد عوام تک پہنچیں گے۔