ابوظہبی (صباح نیوز)پاکستان اور متحدہ عرب امارات نے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کردیئے ،جس کا مقصد کھجور کی کاشت اور متعلقہ صنعت کے مختلف پہلوئوں کی ترقی سے متعلق زرعی اختراعات اور تحقیق کو فروغ دینا ہے۔ابوظہبی میں سفارت خانہ پاکستان کی جانب سے پیر کو جاری بیان کے مطابق یہاں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی تقریب میں متحدہ عرب امارات کے رواداری اور بقائے باہمی کے وزیر شیخ نہیان مبارک النہیان بھی شریک ہوئے۔
مفاہمت کی یادداشت پر یو اے ای میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی اور جنرل سیکرٹری خلیفہ انٹرنیشنل ایوارڈ برائے کھجور اور زرعی اختراع پروفیسر ڈاکٹر عبد الوہاب زید نے دستخط کیے۔مفاہمتی یادداشت سے دونوں فریقین کے درمیان مشترکہ تعاون کو فروغ دینے اور مہارت کے تبادلے میں مدد ملے گی۔ بیان کے مطابق ایم او یو پاکستانی کسانوں کو کھجور کی کاشت بڑھانے کا موقع بھی فراہم کرے گا جس میں جدت کے حامل تصورات بھی شامل ہیں۔
متحدہ عرب امارات پاکستان کو کھجور کی کاشت کو بڑھانے کے لیے تکنیکی مدد فراہم کرے گا جبکہ پاکستان میں اس شعبے کو ترقی دینے کے بے پناہ امکانات موجود ہیں۔مفاہمتی یادداشت کے تحت پہلا پاکستان انٹرنیشنل ڈیٹ پام فیسٹیول 2024 بھی منعقد کیا جائے گا۔ پاکستان اور متحدہ عرب امارات برادرانہ تعلقات سے جڑے ہوئے ہیں اور وہ سیاسی، اقتصادی، زرعی، ثقافتی، توانائی اور دفاعی تعاون سمیت باہمی طور پر فائدہ مند تعاون پر مبنی منصوبوں پر کام کر رہے ہیں۔۔