نیو انارکلی بازار بم دھماکہ دومبینہ سہولت کار زیر حراست ، مزید تفتیش جاری


لاہور (صباح نیوز)گزشتہ روز لاہور کے علاقہ نیو انارکلی بازار میں ہونے والے بم دھماکے میں ملوث ہونے کے شبہ میں دو مبینہ سہولت کاروں کو حراست میں لے لیا گیا۔

گرفتار سہولت کاروں سے مزید تفتیش کا سلسلہ جاری ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق قانون نافذ کرنے والے ادارواں نے دو سہولت کاروں کو جمعہ کی صبح گرفتار کیا۔ دونوں سہولت کاروں کو لاہور کے نواحی علاقہ سے حراست میں لیا گیا ہے۔

دونوں سہولت کاروں کو سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے گرفتار کیا گیا ہے۔ گرفتار سہولت کاروں سے واقعہ کی جگہ پر بیگ میں بم رکھنے والے دہشت گرد کے حوالہ سے معلومات لی جارہی ہیں۔ کس تنظیم سے ان کا تعلق ہے اور لاہور میں ان کے کون سے سہولت کار ہیں اس حوالہ سے بھی گرفتار سہولت کاروں سے تفتیش جاری ہے۔ تفتیش میں بڑی کامیابیوں کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور کے انارکلی بازار میں ہونے والے ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ کے نتیجہ میں تین افراد جاں بحق اور30کے قریب زخمی ہو گئے تھے۔