عمران خان کو اپنی نالائقی پر ماتم کرنا چاہئے،مریم اورنگز یب


اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجما ن مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران صاحب قوم کے ساتھ پھر ٹویٹ کے ڈرامے کررہے ہیںمالی سال2018 میں جی ڈی پی گروتھ 6.1 تھی ، آپ نے منفی اور اب 5.57  پر ٹویٹ نہیں نالائقی کا ماتم کرنا چاہئے، ملک میں مہنگائی بے روزگاری اور غربت سے عوام مر رہی ہے اور آپ بے شرمی اور ڈھٹائی سے ٹویٹ کر رہے ہیں۔

ان خیالات کااظہار مریم اورنگزیب نے جمعہ کوروز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ 40 ارب وفاق اور ڈیڑھ ارب خیبر پختونخوا میں کویڈ فنڈ سے چوری کرنے کے بعد آج کی اپنے مافیا کو مبارکباد ہی بنتی ہے ۔

چینی میں 550 ارب ، آٹے میں 1200 ارب دوائی میں 600 ارب اور بی آر ٹی میں 75 ارب کی چوری کا بھی ٹویٹ کرتے۔انہوں نے کہا کہ بجلی اور گیس میں 500 ارب کے عوام کے جیب پہ ڈاکے کی بھی ٹویٹ کرتے بچوں کے دودھ اور کھانے پینے کی بنیادی اشیاپر 17 فیصد سیلز ٹیکس کی شرح کرنے کا کارنامہ بھی بیان کردیتے؟عمران صاحب اور ان کے مافیاز کی آمدن بڑھ گئی ہے تو وہ سمجھتے ہیں کہ پوری قوم کی آمدن بڑھ گئی ہے۔