لاہور(صباح نیوز)نائب امیر جماعتِ اسلامی، سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے ہرواقعہ کی پشت پر امریکی اور بھارتی آلہ کار ہیں۔
انہوں نے بیان میں لاہور میں دہشت گردی کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک بھر میں دہشت گردی کے ہر واقعہ کی پشت پر امریکی اور بھارتی ماسٹر مائینڈ اور آلہ کار ہیں۔ پورے ملک میں دہشت گردی کے واقعات بڑھتے جارہے ہیں، بیگناہ انسان لقمہ اجل بن رہے ہیں، قومی سلامتی پالیسی نہ جانے کہاں ہے،حکومت نااہل اور ناکام ہے، حکومتی نااہلی عوام کے جان، مال، عزت کے لیے عذاب بن گئی ۔ انارکلی کے شہدا کے اور ملک بھر میں دہشت گردی کے شکار شہدا، زخمیوں کے خاندانوں کیساتھ تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہر دور میں حکمران معاشی اشاریوں کی بہتری کے منتر پڑھتے اور جھوٹے دعوے کرتے رہتے ہیں، عملًا قومی معیشت مسلسل زوال پذیر ہے۔ آئی ایم ایف شرائط، قرضوں اور سود کا بوجھ، رشوت، کرپشن کی موجودگی میں معاشی اشاریوں کی بہتری کالا جھوٹ ہے۔ عوام کا خون نچوڑکر شرح نمو بہتر نہیں ہوسکتا۔ بجلی، ادویات، پٹرول، کھاد، گیس مہنگی؛ جان لیوا ٹیکسوں نے عوام کو بدحال کردیا ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان، وزرا اور مشیروں کی تقریریں، تکبر پر مبنی بیانیہ عوام کے زخموں پر نمک چھڑک رہے ہیں۔ یہ نوشتہ دیوار ہے کہ حکومت ناکام ہے۔
لیاقت بلوچ سے عوامی وفود، علما اور سماجی، بلدیاتی شخصیات نے ملاقات کی۔ جماعتِ اسلامی گوادر، کراچی میں عوامی مسائل پر عوامی دھرنوں سے ملک میں بیداری کی لہر پیدا کررہی ہے۔ سندھ اور بلوچستان حکومتوں کی عوام، جمہوریت اور بلدیات دشمنی بے نقاب ہوگئی ۔ ملک بھر میں 101 دھرنے عوام کو بیدار، متحرک کردیں گے اور فیصلہ کن دھرنا ملک میں آئین کی حکمرانی، شفاف، آزادانہ انتخابات کا راستہ کھول دے گا۔ نااہل عوام دشمن مہنگائی کی ذمہ دار حکومت کا دھڑن تختہ ہوگا۔
لیاقت بلوچ نے علما سے بات کرتے ہوئے کہا کہ قائد اعظم نے اپنی شاہانہ زندگی قربان کرتے ہوئے برصغیر کے مسلمانوں کو آزادی، اسلامی قوانین کا بول بالا کرنے کے لیے جدوجہد کی اور اعلان کردیا کہ دنیا کی نجات اسلامی نظام میں ہی ہے۔ علما، مشائخ ہی ملک میں جوہری انقلابی کردار ادا کریں گے۔