لاہور(صباح نیوز)انارکلی بم دھماکے کی مذمتی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی گئی ۔پنجاب اسمبلی کی خاتون رکن ربعیہ نصرت کی جانب سے جمع کرائی گئی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ پنجاب اسمبلی کا ایوان انارکلی بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے،جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یاب کیلئے دعا گو ہیں۔ ملک دشمن عناصر پھر سے سر اٹھانا شروع ہوگئے ہیں۔
پاکستانی عوام اور سلامتی کے اداروں نے ملک میں امن کے لیے بہت قربانیاں دی ہیں۔قرارداد کے متن میں مزید کہا گیا کہ ن لیگ کی حکومت نے اپنے دور میں اس ناسور پر قابو پالیا تھا۔ دہشت گردی کے خلاف ن لیگ نے نیشنل ایکشن پلان بنایا تھا جس پر سختی سے عملدرآمد کرایا گیا۔پنجاب اسمبلی کا یہ ایوان حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ دہشت گردی کے واقعات کی روک تھام کے لیے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد یقینی بنائے۔