لاہور (صباح نیوز)لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب میں میڈیکولیگل سرٹیفکیٹ جاری کرنے والے 90 فیصد ڈاکٹرز کو ناتجربہ کار قرار دے دیا۔
لاہور ہائی کورٹ میں میڈیکولیگل سرٹیفکیٹ سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ قتل، قدام قتل کے کیسز میں میڈیکو لیگل سرٹیفکیٹ کے حصول کے لیے نئے اصول طے کر لئے گئے۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ 90 فیصد طبی عملہ جانتا ہی نہیں کہ زخمی کا طبی معائنہ کیسے کرنا ہے جبکہ چیئرمین ڈسٹرکٹ اسٹینڈنگ میڈیکل بورڈ بہرہ بنا ہوا ہے۔
عدالت نے فیصلہ دیا کہ کم از کم اہلیت پر پورا نہ اترنے والے ماہرین نہیں کہلائے جا سکتے کیونکہ میڈیکولیگل فوجداری کیسز کے فیصلے میں اہم کردار ادا کرتا ہے اس لیے ڈاکٹر میڈیکولیگل سرٹیفکیٹ رائے کی وجوہات بتانے کا پابند ہو گا۔
فیصلے میں کہا گیا کہ طبی معائنہ کار کی رائے کی وجوہات پر علیحدہ خانہ بنایا جائے اور محکمہ صحت ناتجربہ کار ڈاکٹر کو سرٹیفکیٹ کی ذمہ داری نہ دے۔لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس علی ضیا باجوہ نے 13 صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کر دیا۔