لاہور(صباح نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے سانحہ مری تحقیقاتی کمیٹی کی سفارشات کی منظوری دے دی۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے متعلقہ محکموں کو سفارشات کی روشنی میں اقدامات کا حکم دیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کمیٹی کی سفارشات پر مری کو ضلع کا درجہ دینے کی منظوری بھی دی ہے،بلدیاتی انتخابات کے بعد مری کو آئندہ مالی سال میں باضابطہ ضلع کا درجہ دیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مری میں محکمہ موسمیات کے دفتر کے قیام کی بھی منظوری دی ہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکو سانحہ مری کی تحقیقاتی رپورٹ پیش کردی گئی، 15افسروں کو عہدوں سے ہٹا دیاگیا ہے ، ان میں کمشنر راولپنڈی ،ڈپٹی کمشنر راولپنڈی، سی پی او، اے سی مری اور دیگر افسران شامل ہیں۔